ٹوکیو (نیوز ایجنسیز ) جاپانی اسٹار نائومی اوساکا اپنے ہم وطنوں کے سامنے شکست کھاگئیں۔ پان پسیفک ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں جمہوریہ چیک کی اسٹار کھلاڑی کیرولینا پلسکووا نےجاپانی شائقین کے دل توڑ کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یو ایس اوپن چیمپئن نائومی اوساکا کافی تھکی ہوئی دکھائی دیں۔ یہ کیرولینا کے کیریئر کا 11واں ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل ہے۔ جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں اتوار کو ویمنز سنگلز فائنل میں پلسکووا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ملک کی کھلاڑی ناؤمی اوساکا کو اسٹریٹ سیٹس میں دلچسپ مقابلے کے بعد 6-4 اور 6-4 سے ہرا کر ٹائٹل حاصل کیا۔ پلسکووا نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹائٹل جیتنے پر بہت خوشی محسوس کر رہی ہیں اور مستقبل میں مزید ٹائٹلز اپنے نام کرنے کیلئے سخت محنت کے تسلسل کو جاری رکھیں گی، انہوں نے کہا کہ اوساکا نے بہترین ٹینس کھیلی، وہ تھکی ہوئی لگ رہی تھیں لیکن ان کا مستقبل روشن ہے اور گزشتہ چند ہفتوں سے وہ جس طرح سے کھیل رہی ہیں میں انہیں مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ادھر نیدرلینڈز کی کیکی برٹنز نے کوریا اوپن چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا کی آئیلا ٹاملیانووچ کو سخت مقابلے کے بعد ہرا کر ٹائٹل جیت لیا، ساتھ انہوں نے سیزن کے اختتامی ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں جگہ بنالی ہے۔ فیصلہ کن معرکہ ڈھائی گھنٹے جاری رہا۔ یہ برٹنز کا ساتواں ٹائٹل ہے ۔ دریں اثنا نیکولس ماہوت اور راجر ویسلین نے موسیلی اوپن ٹینس مینز ڈبلز فائنل میں جگہ بنا لی۔