aملتان (سٹاف رپورٹر ) سورج کنڈ روڈ اور سوئی گیس روڈ ملتان کی فوری طور پرتعمیر شروع کی جائے ۔ یونین کونسل نمبر47اور یون کونسل نمبر56میں صفائی کے ناقص انتظام کو فوری طور پر بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر شہریوں کے لئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار یونین کونسل 47کے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد عاشق بھُٹہ نے کیا، انہوں نے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ سے مطالبہ کیا کہ اگر گندگی کے ڈھیر فوری طور پر نہ اُٹھوائے گئے تو علاقہ میں تعفن پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے واسا انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ جگہ جگہ سیوریج بند ہونے کی وجہ سے آبادی کی مختلف گلیاں جوہڑ کی شکل اختیار کر گئی ہیں جس سے علاقہ مکینوں کو آمدورفت میں دشواری ہو رہی ہے۔ یونین کونسل نمبر47اور یونین کونسل نمبر56کی مذکورہ آبادیوں چاہ غلام محمد والا، غوث آباد کالونی، پیر کالونی نمبر1,2,3، بستی سلطان پورہ کے رہائشی مسائل سے دوچار ہو رہے ہیں مذکورہ مسائل سے نجات دلانے کیلئے واسا اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ احکام اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔ انہوں نے محکمہ شاہرات پنجاب سے مطالبہ کیا کہ سوئی گیس روڈ اور سورج کنڈ روڈ کو فوری طور پر ازسر نو تعمیر کیا جائے۔ سورج کنڈ روڈ پر واقع چھوٹے بڑے کارخانوں کو اپنی پیداوار کی ترسیل میں دشواری ہو رہی ہے جس کی وجہ سے بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔