• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں کم از کم 5دفاتر اور رہائشگاہیں وزیراعلیٰ کے زیر استعمال ہیں

اسلام آباد (طارق بٹ) لاہور میں کم از کم پانچ دفاتر اور رہائشگاہیں پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے زیر استعمال ہیں جن میں سے ایک سینئر وزیر علیم خان نے اپنا سیکریٹریٹ قائم کیا ہے۔ ان عمارتوں میں 7کلب روڈ، گورنمنٹ آفیسرز ریزیڈنس میں 8کلب روڈ، پنجاب اسمبلی کے بالمقابل90شاہراہ قائد اعظم، سول سیکریٹریٹ میں واقع وزیراعلیٰ ہاوس اور وزیراعلیٰ انیکسی۔ ان تمام شاندار عمارتوں میں سے کوئی ایک عمارت بھی ایسی نہیں جو وفاقی حکومت کی اس فہرست پر موجود ہو جس کی سادگی مہم کے تحت نیلامی کی جانی ہے۔یہ عمارتیں پہلے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے استعمال میں ہی رہی ہیں۔ ان تفصیلات سے آگاہ ایک اہلکار نے دی نیوز کو بتایا کہ ان میں سے کچھ یا تو پرویز مشرف کے دور میں بنائی گئیں یا پھر ان کی خطیر اخراجات سے تعمیر نو کی گئی۔ اپنے پیش رو عارف نکئی، منظور وٹو اور نجم سیٹھی کی طرح عثمان بزدار بھی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد 7کلب روڈ پر رہائش پذیر ہیں۔ 7کلب روڈ کے بالمقابل ایک چار منزلہ عمارت 8کلب روڈ مشرف کے دور میں گورنمنٹ آفیسرز ریزیڈنس کے کچھ گھروں کو مہندم کرکے تعمیر کی گئی۔ یہ اس علاقے میں سب سے بڑی رہاشگاہ ہےاور اسے بہت عظیم الشان عمارت تصور کیا جاتا ہے۔ یہ سابقہ وزیراعلیٰ کا سیکریٹریٹ ہے۔ پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ 8کلب روڈ کو اپنے سیکڑیٹریٹ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس، چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس کے رہائشگاہیں بھی قریب ہی واقع ہیں۔ اتوار کے روز وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی بیوروکریسی سے 8کلب روڈ میں ہی خطاب کیا تھا۔ اہلکار کے مطابق اس کے علاوہ وزیراعلیٰ کا اپنا سیکریٹریٹ بھی ہے جو سول سیکریٹریٹ میں واقع ہے جسے انہوں نے حلف اٹھانے کے بعد سے تاحال استعمال نہیں کیا، اس عمارت میں سب سے زیادہ تاریخی کابینہ کا کمرہ ہے۔
تازہ ترین