اسلام آباد(جنگ نیوز) سپریم کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری سے انکے اور بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات 15 روز میں طلب کرلیں۔ دوران سماعت آصف زرداری کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ خود مختار بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات نہ طلب کی جائیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا اب تو تمام بچے بالغ اور خود مختار ہیں، شادی تک بچیاں والدین کے زیر کفالت رہتی ہیں۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے این آر او کیس میں 10 سالہ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے سے متعلق 29 اگست کے فیصلے پر آصف زرداری کی نظرثانی کی درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر عدالت نےسابق صدر آصف زرداری کو ہدایت کی کہ وہ ترکے میں ملنے والے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کریں۔ سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت سے استدعا کی کہ 5 سال تک کی تفصیلات لے لیں، 10 سال کی تفصیلات نہ مانگیں، قانون صرف 5 سال کیلئےہے۔ عدالت نے فاروق ایچ نائیک کی 5 سالہ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئےکہاکہ 10سال کی تفصیلات فراہم کریں۔