• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگر پارکر میں قحط، 3 نیل گائے ہلاک، اموات میں اضافے کا خدشہ

سندھ میں بارشیں نہ ہونے کے سبب جنگلی حیات کو شدید خطرات لاحق ہو گئے، نگر پارکر میں قحط کے سبب 3 نیل گائے مر گئی ہیں۔

نگر پارکر اور کیر تھر نیشنل پارک میں صورت حال تشویش ناک ہو گئی ہے، مارچ تک بارشیں نہ ہوئیں تو جنگلی جانوروں کی اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ڈپٹی کنزرویٹر وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ غلام سرور جمالی کے مطابق نگر پارکر میں نیل گائے اور کیر تھر نیشنل پارک میں سندھ آئی بیکس، اڑیال اور ہرن کی نسل کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

حیدرآباد ریجن کے 3اضلاع جامشورو، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں جنگلی حیات زیادہ پائی جاتی ہے، تاہم ان علاقوں میں گھاس ناپید اور پانی کے جوہڑ اور تالاب خشک ہوچکے ہیں۔

ادھر اچھرو تھر پارکر میں بھی بھوک پیاس کی وجہ سے مویشیوں کی ہلاکت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

سندھ حکومت نے تھر پارکر کے بعد اچھرو تھر میں بھی 5ہزار 779خاندانوں میں امدادی گندم کی تقسیم شروع کر دی ہے مگر علاقے میں بڑا مسئلہ مویشیوں کے چارے اور پانی کا ہے جو تاحال حل طلب ہے۔

اچھرو تھر میں مردہ جانوروں کو کھانے والے اونٹ اب مرنے لگے ہیں، جو بچ گئے ہیں ان میں بیماریاں پھیل گئی ہیں۔

یہاں زیر زمین پانی کڑوا بھی ہے اور تھوڑا بھی جسے انسان بحالت مجبوری پی رہے ہیں اور مویشی پیاس اور بھوک سے اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔

تازہ ترین