وزیراعظم عمران خان نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والوں کو انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے ڈاکٹر طاہر القادری کو کئےجانے والے فون پر ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نہتے شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کو نظام عدل سے فرار کی اجازت نہیں دی جا سکتی،قانون کے یکساں نفاذ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوجداری مقدمات میں فوری انصاف تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے،واقعے میں ملوث افراد کو بلاتفریق کٹہرے میں لایاجائے۔
ڈاکٹرطاہر القادری کا کہناہے کہ وزیر اعظم نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والے خاندانوں کو امید کی کرن دی ہے،قانون کی بالادستی کیلئے وزیراعظم پاکستان کا وژن قابل تحسین ہے،انصاف کی امید دلانے پر وزیر اعظم پاکستان کے مشکور ہیں۔