پاکستان شوبز انڈسٹری کے نئے اُبھرتے ہوئے اسٹار احد رضا میر، پیدا تو پاکستان میں ہوئے، تاہم انھوں نے اپنی زندگی کا زیادہ تر حصہ کینیڈا میں گزارا ہے۔ بطور تھیٹراداکار انھوں نے اداکاری کا آغاز بھی 2014ء میں کینیڈا میں ہی کیا تھا۔احد رضا میر حادثاتی اداکار نہیں ہیں، بلکہ ان کا خاندان گزشتہ تین نسلوں سے شوبز انڈسٹری سے منسلک ہے۔
احد رضا میر 29 ستمبر 1993 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ ان کا برج میزان ہے۔ ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انھوں نے یونیورسٹی آف کالگری، کینیڈا سے بیچلر اِن فائن آرٹس (ڈرامہ) کیا۔
شوبز انڈسٹری میں ابھی احد رضا میر نے ابتداء کی ہے، تاہم ابھی سے ہی وہ کینیڈا میں تھیٹر، ماڈلنگ، ٹی وی ڈراموں میں اداکاری اور اب فلم انڈسٹری میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ چکے ہیں۔ کینیڈین تھیٹر میں وہ ’رومیو اینڈ جولیٹ‘ سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دِکھا چکے ہیں۔ ٹیلی ویژن پر انھوں نے دو ڈراموں میں کام کیا ہے، جس کے بعد حال ہی میں ریلیز ہونے والی ان کی پاکستانی فلم نے انھیں شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔احد رضا میر صرف اداکار ہی نہیں بلکہ مصنف اور ہدایت کار بھی ہیں۔ کینیڈا میں وہ تھیٹر ڈرامے تحریر کرنے کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹ بھی کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ، احد رضا میر معروف میوزک شوکے سیزن11میں اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔
سجل علی کے ساتھ جوڑی
سجل علی اور احد رضا میر، شوبز کی دنیا کے دو جگمگاتے ستارے ہیں، جو آج کل شوبز انڈسٹری کی خبروں کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ احد رضا میر اور سجل علی کی جوڑی اس وقت پاکستان میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی آن اسکرین جوڑیوں میں سے ایک ہے اور اپنے پہلے مشترکہ ڈرامے کی شاندار کامیابی کے بعد یہ دونوں جلد ہی ایک اور ڈرامے میں بھی ساتھ نظر آئیں گے۔ مزید برآں، احد رضا میر اور سجل علی کی جوڑی صرف اسکرین پر ہی نہیں جچتی، ذاتی زندگی میں بھی ان دونوں کی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا ہے اور خوش قسمتی سے یہ دونوں بھی ایک دوسرے کو بہت سراہتے ہیں۔ جب احد رضامیر کی فلم کا ٹریلر لانچ ہوا تو سجل علی نے اپنے انسٹا گرام پر احد رضامیر کے نام ایک پیار بھرا پیغام تحریر کیا تھا، جسے ان دونوں کے پرستاروں نے بہت زیادہ پسند کیا تھا۔ سجل علی نے انسٹاگرام پر احد کی تعریف کرتے ہوئے لکھا تھا، ’میں خود کو مبارکباد کا یہ پیغام لکھنے سے روک نہیں سکی، میں یہ پیغام صرف اس لیے نہیں لکھ رہی کہ فلم میں احد رضامیر نے بہترین اداکاری کی ہے، بلکہ میں یہ پیغام احد رضامیر کی والدہ کے لیے بھی لکھنا چاہتی ہوں جن کی آنکھوں میں اپنے بیٹے کی کامیابی کی چمک ہی کچھ اور تھی۔
کروڑوں مداح بننے سے پہلے آپ کی ماں آپ کی پہلی مداح ہوتی ہے، پہلی محبت، پہلی ناقد اور آپ کو سپورٹ کرنے والی پہلی ہستی بھی آپ کی ماں ہی ہوتی ہے، لہٰذا احد میں تمہیں ایک چیز کہنا چاہتی ہوں، ہم سب کو تم پر فخر ہے لیکن تمہاری ماں کو تم پر ہم سب سے زیادہ فخر ہے، مبارک ہو!‘ اس کے علاوہ، گزشتہ دنوں ٹورنٹو میں ایک ایوارڈ شو کے موقع پر سجل علی سے احد رضا میر کے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا، ’وہ میرے لیے بہت خاص ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کیا جاننا چاہیں گے؟ اس وقت کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ میرے لیے بہت خاص ہیں‘۔
صرف سجل علی ہی نہیں، احد رضا میر بھی سجل کے بارے میں کچھ ایسے ہی خیالات رکھتے ہیں۔ ’میں اپنی زندگی کے ایک اچھے وقت میں سجل سے ملا ہوں، مجھے ان کے ساتھ کام کرنا بے حد پسند ہے کیونکہ وہ مجھے جانتی ہیں کہ میں کون ہوں اور یہ چیز مجھے خوبصورت لگتی ہے‘۔نوجوان اداکار احد رضا میر نے سجل علی سے اپنے تعلق کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر ردعمل کے دوران اداکارہ کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا وقت ہی اس حوالے سے فیصلہ کرے گا۔ ’سجل بہت خاص اور مختلف ہیں کیونکہ ہم دونوں ایک ہی طریقے سے کام کرتے ہیں، ایک ہی طرح چیزوں کو دیکھتے ہیں جو کہ سب سے بہترین ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ ہماری کیمسٹری انجوائے کرتے ہیں۔سجل اور میری شادی ہوگی یا نہیں، یہ تو وقت ہی بتائے گا، ہم دونوں ایک دوسرے کے بہت بڑے سپورٹر ہیں، یہاں تک کہ میری والدہ اور میرے گھر والے سب ہی سجل کو پسند کرتے ہیں اور ان کو سپورٹ کرتے ہیں کیونکہ وہ بہت اچھی انسان ہیں‘۔
گوگل پر سرچ کی جانے والی ٹاپ شخصیات
احد رضا میر کی کامیابی اور ناظرین میں مقبولیت کااندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ صرف ایک ڈرامے میں اداکاری کے بعد ہی وہ گوگل پر سرچ کی جانے والی پاکستان کی ٹاپ شخصیات میں شامل ہوگئے۔ گوگل کے مطابق 2017ء کے اختتام پر، پاکستان کی جن شخصیات کو انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا، احد رضا میر ان میں آٹھویں نمبر پر رہے۔