لندن (اے پی پی) شہرہ آفاق امریکن سٹار اور23 مرتبہ کی گرینڈ سلام چیمپئن سرینا ولیمز چائنہ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئیں، رواں سیزن کے بقیہ ایونٹس میں شرکت بھی غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔ رپورٹس کے مطابق سرینا ولیمز اور وینس ولیمز کا نام چائنہ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ڈراز میں شامل نہیں جس کا مطلب ہے کہ دونوں کھلاڑی ایونٹ کا حصہ نہیں ہوں گی، اس بات کے بھی امکانات ہیں کہ سرینا ولیمز رواں سیزن کے بقیہ ٹورنامنٹس میں بھی حصہ نہیں لیں گی۔ واضح رہے کہ سرینا کو رواں سال کھیلے گئے سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام ٹورنامنٹ یو ایس اوپن ویمنز سنگل فائنل میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر 17ہزار ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔