• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود قریشی وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بن سکیں گے ،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کارمظہرعباس، سلیم صافی، امتیاز عالم، حسن نثار، شہزاد چوہدری اور بابر ستار نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان شاہ محمود قریشی کو وزیراعلیٰ پنجاب پنجاب نہیں بنائیں گے ، عمران خان اس وقت پنجاب کا سیٹ اپ بدلنے کا رسک نہیں لیں گے،قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن اہل پنجاب کو مبارک ہو،تجاوزات ختم ہونی چاہئیں، پورے کراچی پر قبضہ ہوچکا ہے ۔پہلے سوال پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 217 ملتان کا انتخاب کالعدم قرار دیئے جانے اور جہانگیر ترین کی نااہلی برقرار رہنے کے بعد کیا وزیراعظم عمران خان کو شاہ محمود قریشی کو وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا موقع دینا چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ درست نہیں ہوگا کیونکہ پی ٹی آئی کے پاس وزیرخارجہ کیلئے ان سے بہتر شخص نہیں ہے،پنجاب کو تو ریموٹ پر بھی چلایا جاسکتا ہے جیسے چلایا جارہا ہے۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ عمران خان اس وقت پنجاب کے سیٹ اپ میں تبدیلی لانے کا رسک نہیں لیں گے، شاہ محمود قریشی کو وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بنایا جائے گا کیونکہ پی ٹی آئی کے پاس وزیر خارجہ کیلئے شاہ محمود قریشی جیسا موزوں آدمی نہیں ہے،شاہ محمود قریشی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی کوشش کی گئی تو انہیں ہرانے کی کوشش اپوزیشن کی طرف سے کم پی ٹی آئی کے اندر سے زیادہ ہوگی۔سلیم صافی نے کہا کہ جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کی لڑائی ڈھکی چھپی نہیں ہے، ان کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے امکانات نہیں ہیں۔شہزاد چو ہد ر ی کا کہنا تھا کہ بیرونی چیلنجز دیکھے جائیں تو پی ٹی آئی کو شاہ محمود قریشی کی وزارت خارجہ میں زیادہ ضرورت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب بننا شاہ محمود قریشی کی اپنی خواہش ہوسکتی ہے ۔بابر ستار نے کہا کہ عمران خان کو شاہ محمود قریشی کو وزیراعلیٰ پنجاب بناناچاہتے تو اب تک بناچکے ہوتے۔ امتیاز عالم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی دونوں کے گروپس ہیں، شاہ محمود قریشی کے دل میں وزارت خارجہ کی چاہ نہیں ہے لیکن عمران خان کسی صورت شاہ محمود قریشی کو وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بنائیں گے۔دوسرے سوال کیا علیم خان اور محمود الرشید کی سربراہی میں پنجاب میں قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کامیاب ہوگا؟ کا جواب دیتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ لاہور پنجاب کی حد تک علیم خان سے بہتر کوئی نہیں جانتا کہ کس نے اور کیسے قبضہ کیا۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن اہل پنجاب کو مبارک ہو، قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن انتہائی کامیاب رہے گا۔امتیاز عالم نے کہا کہ قبضہ مافیا کیخلاف قدم اچھا ہے تمام تجاوزات ختم ہونی چاہئیں۔ بابرستار نے کہاکہ اس کام کو شروع کیا گیا ہے تو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔مظہرعباس کا کہنا تھا کہ باقی صوبے تو چھوڑ دیں پورے کراچی پر قبضہ ہوچکا ہے، کراچی میں اتنی بڑی جگہ پر قبضہ ہوگیا ہے کہ اسے خالی نہیں کرایا جاسکتا، اس ملک میں بلڈرمافیا تیسری یا چوتھی بڑی قوت ہے۔

تازہ ترین