انہیں صفحات پر کچھ عرصہ قبل آپ نے قدیم دنیا کے سات تعمیراتی عجائباتِ عالم ملاحظہ فرمائے تھے، جو اپنے منفرد آرکیٹیکچر اور ڈیزائن کے باعث آج بھی بے مثال مانے جاتے ہیں۔ آج ہم جدید دنیا کے سات تعمیراتی عجائباتِ عالم سے آپ کو متعارف کراتے ہیں۔2007ء میں 10 کروڑ سے زائد لوگوں نے جدید دنیا کے جن سات عجائبات کیلئے اکثریتی ووٹ دئیے تھے، انہیں بغیر کسی رینکنگ کےعالمی ورثے کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔
تاج محل، آگرہ
تاج محل بھارت کے شہر آگرہ میں واقع ایک مقبرہ ہے۔ مغل بادشاہ شاہ جہاں نے اپنی بیوی ممتاز کی یاد میں اس کی تعمیر کروائی تھی۔ تاج محل مغل طرز تعمیر کا عمدہ نمونہ ہے۔ اس کی تعمیراتی طرز فارسی، ترک، بھارتی اور اسلامی طرز تعمیر کے اجزاء کا انوکھا ملاپ ہے۔ 1983ء میں تاج محل کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس اور کلچر نے عالمی ثقافتی ورثے میں شمار کیا۔ اس کے ساتھ ہی اسے عالمی ثقافتی ورثہ کی جامع تعریف حاصل کرنے والی، بہترین تعمیرات میں سے ایک بتایا گیا۔ تاج محل کو بھارت میں اسلامی فنِ تعمیر کا عملی اور نایاب نمونہ بھی کہا گیا ہے۔
دیوار چین،چین
حضرت عیسیٰ ؑکی پیدائش سے تقریباً دو سو سال پہلے چین کے بادشاہ چن شی ہوانگ نے اپنے ملک کو دشمنوں کے حملوں سے محفوظ کرنے کے لیے شمالی سرحد پر ایک دیوار بنانے کا ارادہ ظاہر کیا۔ اس دیوار کی ابتدا چین اور منچوکو کی سرحد کے پاس سے کی گئی۔ یہ دیوار خلیج لیاؤتنگ سے منگولیا اور تبت کے سرحدی علاقے تک پھیلی ہوئی ہے۔ اس کی لمبائی تقریباً پندرہ سو میل ہے اور یہ 20سے لے کر30فٹ تک اونچی ہے۔ اس کی چوڑائی نیچے سے25فٹ اور اوپر 12فٹ کے قریب ہے۔
ایل کاستیو، چیچن ایتزا
ایل کاستیو (El Castillo) جس کے ہسپانوی معنی "قلعہ" کے ہیں، اسے کُوکُلکان کا مندر (Temple of Kukulcan) بھی کہا جاتا ہے۔ میکسیکو کی ریاست یوکتان کے آثار قدیمہ کے مقام چیچن ایتزا میں واقع یہ تعمیراتی شاہکار میسوامیریکن (Mesoamerican) طرز پر سیڑھی نما اہرام کی شکل میں بنا ہواہے۔ یہاں سب سے اہم ایل کاستیو رصد گاہ ہے ،جس کے ذریعےآسمان کا مشاہدہ کرتے ہوئے ستاروں کی حرکات، وقت،موسم اور قسمت کا حال معلوم کیا جاتا ہے۔
ماچو پیچو،پیرو
ماچو پیچو (Machu Picchu) جنوبی امریکا میں پیرو کے علاقے کاسکو میں واقع ہے۔ یہ سطح سمندر سے 2430میٹر (7972فٹ) بلندہے۔ اسے "انکاؔ کا شہر" بھی کہا جاتا ہے۔ماچو پیچو انکاؔ سلطنت کے عروج کے دور میں 1450ء کے دوران تعمیر کیا گیا تھا، اس کا قدیم ’انکاؔ قلعہ‘ بہت سی معروف سیاحتی فہرست میں شامل ہے۔ انکاؔ تہذیب کا اچانک غائب ہوجانا آج بھی ایک معمہ ہے۔ ماچو پیچو میں پتھر کی بنی216عمارتیں ہیں، جو سیڑھیوں سے جڑی ہیں۔
مسیح نجات دہندہ مجسمہ،ریوڈی جینرو
مسیح نجات دہندہ (Christ the Redeemer) ریو ڈی جینرو، برازیل میں یسوع مسیح کا ایک فنی آرائشی مجسمہ ہے۔ یہ 30میٹر (98فٹ) لمبا ہے، جس میں اس کی 8میٹر (26فٹ) اُونچی چوکی شامل نہیں، اس کے بازو 28میٹر (92فٹ) وسیع ہیں۔1922ء سے1931ء کے درمیان کورکووڈو(Corcovado) پہاڑی پر بنائے گئے اس مجسمے کا آرٹ، ڈیکو اسٹائل کا ہے۔ یہ مجسمہ برازیل کے شہریوں پر اپنا دستِ شفقت بلند کیے ہوئے ہے۔
پیٹرا یا بترا، اُردن
1985ء میں عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا جانے والا پیٹرا شاہ آرتاس چہارم کی نبطی سلطنت کا دارالحکومت تھا۔ اس تہذیب کے ہنرمندوں نے پانی کی ٹیکنالوجی کو فروغ دیا۔ پیچیدہ سرنگوں اور پانی کے چیمبروں کی تعمیر میں اپنا لوہا منوایا، جس سے یہ ویران صحرائی خطہ، نخلستان میں تبدیل ہوگیا۔ پتھروں کو تراش کربنایا جانے والا 4ہزار نشستوں والا ایمفی تھیٹر اور ایل ڈییر خانقاہ اس تہذیب کے ماہرینِ تعمیرات کی فنی عظمت کے عکاس ہیں۔
رومن کولوزیئم،روم
کولوزیئم (Colosseum) دنیا بھر میں روم کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔ یہ اکھاڑہ 80بعد از مسیح میں رومن بادشاہ ٹائٹس نے تعمیر کرایا تھا۔ اس کے افتتاح کے100دن تک رومی باشندوں نے خونی کھیلوں کا مظاہرہ کیا، جس میں غلاموں کو لڑایا جاتا تھا اور انھیں Gladiators کہا جاتا تھا۔ اس عرصے میں تقریباً 9 ہزار جانور اور انسان موت کی بھینٹ چڑھے۔ اس اکھاڑے میں 50 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔ اس اکھاڑے میں زمین پر ریت کی دبیز تہہ بچھائی جاتی تھی، تاکہ خون جذب ہو سکے۔