مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے اور پارٹی کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازنے اپنے والد کی گرفتاری کو نیب،نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ قرار دے دیا ہے ۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہبازنے کاہ کہ یہ ہتھکنڈے نئے نہیں ہیں ، جتنی گرفتاریاں کرنی ہیں کر لیں ،یہ سب کچھ ضمنی الیکشن سے قبل نیازی صاحب پریشانی کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف 4ووٹوں کی اکثریت سے بنی لولی لنگڑی حکومت ہوا میں معلق ہے،سعد رفیق اور سلمان رفیق کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے ۔
حمز ہ شہباز نے کہا کہ ہر الیکشن سے پہلےن لیگ کی قیادت کو گرفتار کیا جارہا ہے ،شہباز شریف کو چوہدری لطیف کا ٹھیکا منسوخ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے ،یہ وہ ٹھیکیدار ہے جس نے اورینج لائن میں بھی خردبرد کی تھی ،اس وقت بھی مفرور ہے،اسی ٹھیکیدار کو پشاور میٹرو کا ٹھیکا بھی دیا گیا ہے ۔
ن لیگی رہنما کا کہناتھاکہ نیازی صاحب شریف خاندان کے خلاف کیسز ڈھونڈ کر لانے کی ضد چھوڑ دیں ، دھاندلی میرے سینے پر زخم نہیں ، جمہوریت کے سینے پر زخم ہے ۔
ان کا کہناتھاکہ وزیراعظم ہاؤس کی بھینسوں کی نیلامی کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں ،عمران نیازی صاحب آپ نے بھی ہیلی کاپٹر کا غلط استعمال کیا ہے ،فواد چوہدری کہتے ہیں ابھی مزید گرفتاریاں ہونی ہیں ۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ غیرقانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن میں ایک نوٹس نیازی صاحب کو بھی ملا ہے ،وزیراعلیٰ بزدار قتل کے مقدمے میں دیت دے کر بری ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب نیب کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے جتنی گرفتاریاں کرنی ہیں کر لیں، ہمیں کوئی ڈر نہیں،ہم خندہ پیشانی سے سب کے سامنے پیش ہوں گے اور ہر سوال کا جواب دیں گے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ نیازی صاحب ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے، جیل کی سلاخوں سے ڈرنے والے نہیں، اگر نیب نے ٹھان لی ہے کہ ن لیگ کے لوگوں کو گرفتار کر کے نیازی صاحب کے جعلی مینڈیٹ کو درست ثابت کرے تو کر لے۔
ان کا یہ بھی کہناتھاکہ اگر نیازی صاحب نے روش نہ بدلی تو ایوان میں اور سڑکوں پر بھی جنگ لڑیں گے، وزیراعظم صاحب آپ کا کھیل تماشہ زیادہ دیر چلنے والا نہیں ہے۔