لاہور(ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری نہ صرف افسوسناک بلکہ مضحکہ خیز ہےجبکہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازکا کہناہے کہ ان کے والد کی گرفتاری نیب اورنیازی کا گٹھ جوڑہے‘مریم اورنگزیب کے مطابق نیب اگر خودمختار ادارہ ہے تو وزراء کو مزید گرفتاریوں کا علم کیسے ہواجبکہ شاہدخاقان عباسی کے مطابق مسلم لیگ ن کو ریاستی انتقام کا نشانہ بناجارہاہے ۔ تفصیلات کے مطابق نوازشریف نے شہباز شریف کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہاہے کہ سب جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت اس بدترین انتقام کی ذمہ دار ہے۔آج جو سلوک مخالفین کے ساتھ روا رکھا جائے گا کل اس کے لئے انہیں بھی تیار رہنا چاہیے اوریہی نظام قدرت ہے‘حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ شہباز شریف پر نہ ڈالے۔دریں اثناء لاہورمیں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہبازنے کہاہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف قانونی و آئینی جنگ لڑیں گے‘ اگر نیب نے ہر انتخاب سے پہلے (ن) لیگ کے لوگوں کی گرفتار کر کے جعلی مینڈیٹ دلوانا ہے تو اپنا شوق پورا کر لے‘ آشیانہ اقبال کا ٹھیکہ شہباز شریف نے کینسل نہیں کیا ‘نیب سے گٹھ جوڑ کر لیا گیا ہے اور عمران نیازی کا بغض بے نقاب ہو رہا ہے،شہباز شریف کی گرفتاری کے پیچھے اصل مقصد یہ ہے کہ ضمنی انتخاب میں تھوڑے دن رہ گئے ہیں اگر دھونس اور دھاندلی سے گیارہ سیٹیں جیت لیں تو چار ووٹوں والی حکومت بچ جائے گی لیکن حکومتیں ایسے نہیں بچا کرتیں ۔مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہمیشہ سیاسی انتقام کیلئے نیب کو استعمال کیا گیا‘جو حکومت گالم گلوچ اور دھرنے کے سوا کچھ نہیں کر سکی وہ سیاسی انتقام پر اتر آئی ہے‘ شہباز شریف کی گرفتاری ملک دشمنی ہے‘آشیانہ سکیم منصوبے میں ایک روپیہ بھی خزانے سے نہیں لیا گیا نہ ہم ان سے پہلے ڈرے ہیں اور نہ اب ان کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈریں گے۔