• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر،باگڑ جی کچے کے جنگلات میں گرینڈ آپریشن تیز کردیا گیا ، ڈرون کیمروں کا استعمال

سکھر(بیورو رپورٹ) سکھر پولیس کی جانب سے باگڑ جی کچے کے جنگلات میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن مزید تیز کردیا گیا ، آپریشن میں ڈرون کیمروں کا استعمال بھی کیا جارہا ہے ، پولیس کی متعدد بکتر بند گاڑیاں 350 سے زائد پولیس اہلکار اور کمانڈوز جدید اسلحہ کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں ان کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے اور مزید 50 پولیس اہلکار اور کمانڈوز کو کچے کے جنگلات میں طلب کرلیا گیا ہے، اب آپریشن میں 400 اہلکار ، افسران حصہ لے رہے ہیں ، آپریشن کی سربراہی ایس ایس پی سکھر تنویر حسین تنیو کررہے ہیں ، گزشتہ روز پولیس کی جانب سے آپریشن کو مزید تیز کرتے ہوئے ڈاکوؤں کی متعدد کمیں گاہوں کو مسمار کیا گیا ، باگڑجی کچے کے جنگلات میں آپریشن اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے ، ماضی میں ڈاکوؤں کی محفوظ کمیں گاہیں تصور کئے جانے والے باگڑجی کچے کے جنگلات میں 40 سے زائد پولیس کی مستقل چوکیاں قائم کی جارہی ہیں ، نوگو ایریا ختم کر کے کچے راستے بنائے جارہے ہیں تاکہ جنگلات میں کسی بھی وقت پولیس کی بکتر بند گاڑیوں سمیت دیگر گاڑیوں کے ساتھ مکمل طور پر نقل و حرکت کرسکے اور ڈاکوؤں کی ماضی میں محفوظ پناہ گاہوں کو مستقبل میں ہمیشہ کے لئے ختم کیا جاسکے ، ایس ایس پی سکھر نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کچے کے جنگلات میں ڈاکوؤں کی پناہ گاہوں کو مسمار کرنے اور جنگلات میں راستے بنانے کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے ، ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کردیا گیا ہے ، آپریشن میں پولیس کے افسران ، کمانڈوز اور اہلکار تقریباً ساڑھے تین سو سے زائد نفری حصہ لے رہی ہے ان کی تعداد اب بڑھا کر 400 کردی گئی ہے ، باگڑجی کچے کے جنگلات سے ڈاکوؤں کی پناہ گاہوں کو ہمیشہ کے لئے ختم کیا جارہا ہے ، تمام پناہ گاہیں مسمار کی جارہی ہیں ، اب تک نصف سے زائد جنگلات کو ڈاکوؤں کی کمیں گاہوں سے صاف کردیا گیا ہے اور ایسے علاقے جو ماضی میں پولیس کے لئے نوگو ایریا تصور کئے جاتے تھے ان کا بھی مکمل طور پر خاتمہ کردیا گیا ہے اور اب پولیس کسی بھی وقت جنگل کے کسی بھی حصے میں باآسانی نقل و حرکت کرسکے گی۔
تازہ ترین