راچڈیل (نمائندہ جنگ) فرینڈز آف راچڈیل ساہیوال مانچسٹر لنک کے چوہدری حاجی نصیر احمد ساہیوالی نے کہا ہے کہ راچڈیل ساہیوال لنک پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو خوشگوار اور دوستانہ رکھنے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ راچڈیل کے میئر محمد زمان اور ممبر پارلیمنٹ ٹونی لائیلڈ کی قیادت میں وفد کی ساہیوال میں موجودگی کا بڑے تپاک سے خیرمقدم کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ اس وفد کے دورہ ساہیوال کے اثرات بہت مثبت ظاہر ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ کو راچڈیل ساہیوال لنک کے وفد کی مصروفیات پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ راچڈیل کا وفد جس میں راچڈیل کے میئر محمد زمان، لیڈر آف راچڈیل کونسل ایلن بریڈ، پاکیزہ گروپ کی چیئرپرسنرضیہ شمیم، غلام رسول او بی ای، سابق میئر راچڈیل سلطان علی، غلام رسول شہزاد او بی ای، کونسلر عاصم رشید، ناظم سلیمان، امتیاز احمد اور دیگر شامل ہیں۔ راچڈیل ساہیوال لنک نے پہلے آزاد جموں کشمیر کا دورہ کیا جہاں پر ان کی ملاقات صدر آزاد جموں کشمیر سردار مسعود خان کے آفس میں ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر اور برطانیہ میں رہنے والے کشمیریوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعدازاں وفد نے پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور مشیر ذوالفقار بخاری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ممبر پارلیمنٹ ٹونی لائیلڈ اور میئر راچڈیل محمد زمان نے مقبوضہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ میں اس مسئلہ کو دوسرے ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ اٹھائیں گے۔ بعدازاں وفد نے گورنر پنجاب کے سابق ایم پی یو کے محمد سرور سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ راچڈیل ساہیوال لنک کے وفد نے ساہیوال پہنچ کر ضلعی اعلیٰ حکام اور مختلف چیرٹی آرگنائزیشنوں کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور راچڈیل کی طرف سے ساہیوال میں جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور آئندہ کے لیے دونوں شہروں کے رہنے والوں کے باہمی روابط کو مزید ستحکم کرنے پر بات چیت بھی کی گئی۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ساہیوال کے صدر چوہدری راشد حمید، شاہنواز خان مردانہ، چوہدری محمد ظفر، چوہدری محمود اور دیگر ساہیوال کے زعما نے وفد کا خیرمقدم کیاجبکہ چیئرمین یونین کونسل چوہدری طاہر رئوف نے ان کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔ فرینڈز راچڈیل ساہیوال مانچسٹر کے صدر نصیر احمد نے مزید بتایا کہ راچڈیل ساہیوال لنک کو مزید فعال بنایا جائے گا اور جلد ہی ساہیوال پاستان سے بھی اعلیٰ سطح کا وفد برطانیہ کا دورہ کرے گا، جس کے ذریعے راچڈیل گریٹر مانچسٹر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ماہر معالج ڈاکٹرز، انجینئرز، پولیس اور ہیلتھ انوائرمنٹ کے ماہرین راچڈیل اور دیگر متعلقہ شہروں میں ٹریننگ اور دیگر انسانی ہمدردی کے منصوبوں میں معاونت کریں گے۔