اسلام آباد(آئی این پی ) چیف جسٹس نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈان کا حکم دیتے ہوئے کہا کھلے عام منشیات کی اسکولوں اور کالجوں میں فروخت تشویشناک ہے ،اگرمنشیات ختم نہ کرسکے تو مستقبل تباہ اور ایک بیمار قوم پیدا کرینگے، ویڈیو دیکھی جس میں اچھے گھرکی لڑکی منشیات استعمال کررہی تھی، حیران ہوں ہمارے ادارے کیا کر رہے ہیں۔سپریم کورٹ نے تحقیقات اور روک تھام کیلئے ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرتے ہوئے دس روز میں جواب پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ پیر کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کھلے عام منشیات کی اسکولوں اور کالجوں میں فروخت تشویشناک ہے۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ صورتحال اسکولوں تک جا پہنچی ہے۔