ن لیگی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ آپ عمران خان نیازی نہیں یو ٹرن خان ہیں،حقائق سے پردہ اٹھے گاتو پتا چلے گا کہ عوام کا وزیراعظم کون ہے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے پر ایوان کے باہر ہونے والے احتجاج سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم پوچھتی ہے ضمنی انتخاب سے پہلے آئی جی کی تبدیلی کا حکم کیوں دیا،اربوں کا غبن کرنےوالے سینئر وزیر بن کر بیٹھے ہیں ۔
ان کا کہناتھاکہ نیازی صاحب نے کے پی میں71ارب کا ٹھیکہ دیا،عمران خان صاحب اپنے گھرسےاحتساب کا عمل شروع کریں،آپ کی باتیں سن کرمجھے مولاجٹ اورنوری نت کی فلمیں یاد آگئیں۔
حمزہ شباز نے مزید کہا کہ ہم نے قوم کی خاطر سختیاں برداشت کی ہیں،نوازشریف نے ملک کوایٹمی قوت بنایا،اندھیرے دور کیے،ہمارا کل بھی عوام کے دلوں میں بستا تھا آج بھی بستا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ کے پی میں میٹروبس کھنڈر بن چکا ہے،اگرآپ نے بلدیاتی نظام پردھاوا بولا توہم دفاع کریں گے چوڑیاں نہیں پہنیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکمرانوں کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں،تاریخ میں پہلی بار اراکین پر پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کیے گئے ہیں۔
اس سےقبل ن لیگ کے اراکین نے اسمبلی کی دیواریں پھلانگ کر احاطے میں داخلے کی کوشش کی ،بعض ارکان رکاوٹیں عبور کرکے اسمبلی گیٹ تک پہنچ گئے ،اس موقع پر انہوں نے پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔
ن لیگی ارکان نے اسمبلی گیٹ پر علامتی اجلاس کیا ،جس سے سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے خطاب کیا ۔