کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ شہباز شریف مجرم نہیں تو عدالت میں خود کو بے قصور ثابت کردیں، شہباز شریف کیخلاف کیس موجودہ حکومت میں نہیں خود شہباز شریف کے دورِ اقتدار میں بنا تھا، شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج ن لیگ کیلئے بہتر آپشن ہے، سنگین سزاؤں کی اپیل کے فیصلے میں تاخیر کی ذمہ دار حکومت ہے، دہشتگردی کے علاوہ تمام جرائم میں پھانسی کی سزا ختم کردینی چاہئے،فواد چوہدری اور مشاہد اللہ خان دونوں ہی نہلے پہ دہلے ہیں، رضا ربانی نے بالکل درست کہا ہے کہ جان بوجھ کر ماحول خراب کیاجارہا ہے،پی ٹی آئی سے یہی توقع ہے کہ وہ پارلیمنٹ کی تکریم نہیں کرے گی۔ان خیالات کا اظہار امتیاز عالم، ریما عمر، بابر ستار، ارشاد بھٹی، حسن نثار، امتیاز عالم اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاکومل سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔میزبان کے پہلے سوال شہباز شریف کیخلاف کیس پر ن لیگ کا پنجاب اسمبلی اور کل قومی اسمبلی کے باہر احتجاج، حکومت پر موثر دباؤ ڈالنے کیلئے احتجاج پارلیمنٹ کے باہر ہونا چاہئے یا سڑکوں پر دھرنا؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ کسی مہذب ملک میں ایسا نہیں ہوتا کہ کسی حکمران پر کرپشن کے الزامات لگیں اور اس کے طفیلی اور درباری پارلیمنٹ یا سڑکوں پر آجائیں،شہباز شریف مجرم نہیں تو عدالت میں خود کو بے قصور ثابت کردیں۔