• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باتھ روم ہو اور اس میں آئینہ نہ ہو ،یہ تو ہوہی نہیں سکتا کیونکہ آئینہ کے بغیر باتھ روم کا تصور ادھورا لگتا ہے۔ عام طور پر گھروں میں باتھ روم زیادہ کشادہ نہیں ہوتے، اس کے لئے بڑے بڑے آئینے لگا کر باتھ روم کو وسیع ظاہر کیا جاسکتاہے۔ بلاشبہ ایک خوبصورت آئینہ آپکے باتھ روم کے حسن میں چار چاند لگا دیتا ہے۔

باتھ روم میں موجود ہر چیز کا اس کے باسہولت ہونے اور خوبصورتی پر گہرا اثر پڑتا ہے، اسی لئے یہاں لگائے جانے والے آئینوں کا انتخاب بھی سوچ سمجھ کر کیا جانا چاہئے۔ دراصل آئینہ لگاتے ہوئے اس کے سائز اور شکل کا دھیان رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے کیونکہ باتھ روم میں لگے آئینے اپنے مناسب سائز کی وجہ سے اس جگہ کو کشادگی فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ آئینوں کی مناسب شکل باتھ روم میں جدیدیت اور خوبصورتی کو بڑھانے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس سلسلے میںآپ انٹیرئیر ڈیزائنر سے بھی مشورہ لے سکتے ہیں اور انٹرنیٹ پرموجود بے شمار ٹرینڈز میں سے بھی کسی ایک کا انتخاب کرسکتےہیں۔

اگر آپ اپنے گھر کی تعمیر کررہے ہیں یا اپنے باتھ روم کو از سر نو تعمیر کروانا چاہ رہے ہیں تو آپ کو سوچنا ہوگا کہ باتھ روم میں آئینے کس سائز یا کس شکل کے لگائے جائیں جس سے آپ کا باتھ روم دلکش محسوس ہو۔ اس کے لئے کچھ باتیں ذہن میں رکھنا ضروری ہوتی ہیں، جیسے کہ کتنے بڑے بیسن کے اوپر کتنے سائز کا آئینہ اچھا لگے گا، اگر سادہ دیوار ہو تو اس پر فریم کیسا ہو، ڈیزائن والے یا سادہ فریم کے ساتھ آئینہ اچھا لگےگا یا بغیر فریم کے، اگر دیوار پر ٹائل یا کوئی نفیس وال پیپر لگا ہو تو چوکور، مستطیل یا گول میں سے کون ساآئینہ منتخب کریں، یہ سب باتیں آپ کے ذہن میں بھی آئیں گی، جب آپ اپنے باتھ روم کے لئے آئینہ منتخب کرینگے۔ اس کیلئے کچھ مشورے حاضر خدمت ہیں:

٭ سرمئی رنگ کے شیلف کے ہمراہ دیوار کے ساتھ چوکور شکل کاآئینہ ایک عمدہ انتخاب ہو سکتاہے۔

٭ پتھر سے بنی دیوار پر بیسن کے اوپر نصب گول آئینہ جدید روشنیوں کے ساتھ ایک اچھا تاثر دے سکتا ہے۔

٭ مستطیل شکل کا چھوٹا آئینہ نیچے لگے بیسن کے سائز کی مناسبت سے منتخب کیا جاسکتاہے۔

٭ دیوار کے ایک کونے سے لے کر دوسرے کونے تک مستطیل شکل کا آئینہ باتھ روم کو وسعت دے سکتاہے۔

٭ دیوار کے ایک کونے سے شروع ہوتا چوکور شکل میں بیسن کی سلیب کی لمبائی جتنا آئینہ آج کل ٹرینڈ کا حصہ ہے۔

٭ چھوٹے باتھ روم کے لئے سفید فریم کے درمیان ایک دیوار کو مکمل ڈھکتا ہوا چکور آئینہ کافی دلکش دکھائی دیتاہے۔

٭ ٹائلوں کی دیواروں کے درمیان خوبصورت فریم کے ساتھ نفاست سے لگایا گیا مستطیل شکل کا آئینہ عمدہ ذوق کی عکاسی کرتا ہے۔

٭ گہرے بھورے رنگ کے فریم کے ساتھ دو واش بیسن کے لئے علیحدہ علیحدہ بڑے خوبصورت آئینے، باتھ روم کو کلاسک لُک بھی دیتے ہیں اور جدید رحجان بھی سامنے لاتے ہیں۔

٭ بیسن سے اونچائی پر چھت کے قریب لکڑی کے فریم میں بنامستطیل شکل کا آئینہ آج کل اِن ہے ۔

٭ بیسن کی سلیب کی چوڑائی کے برابر اوراس سے کچھ اونچائی سے لے کر چھت تک بنا آئینہ آپ کے باتھ روم میں دلکش اضافہ ہوسکتاہے۔

٭ باتھ روم سے مطابقت رکھتا سادہ اور مناسب سائز کا آئینہ بھی آپ کے باتھ روم کو رونق بخش سکتاہے۔

٭ چھوٹے بیسن کے مناسب سائز سے مطابقت رکھتا سادہ مستطیل آئینہ ، لکڑی کے فریم کے ساتھ آپ کا عمدہ انتخاب ہو سکتاہے۔

آئینے کی صفائی

باتھ روم میں لگے آئینے کو صاف رکھنے اور ان کی چمک دمک بحال رکھنے کے لئے مناسب صفائی اور محنت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ باتھ روم میںلگےآئینے پر اکثر صابن کے نشانات پڑ جاتے ہیں اور پانی پڑنے کے باعث وہ دھندلا ہو جاتا ہے۔ ہفتے میں ایک بار سفید سرکے سے آئینے کو صاف کرلیں، اس طرح وہ ہمیشہ چمکتا رہے گا ۔ اس کے علاوہ اس پر ہیئر اسپرے کر کے اخبار سے صاف کرلیں، اس طرح داغ اور پانی کے نشان دور ہوجائیں گے ۔

باتھ روم کی فٹنگ یا نالیاں گندی ہو جانے کی صورت میں انہیں چمکانے کے لئے چار کھانے کے چمچے واشنگ سوڈا لیں اور اس میں تھوڑا سا مٹی کا تیل ملا کر گاڑھی لیس بنا لیں۔ اسے فٹنگ پر لگا کر تھوڑی دیر کے لیے چھوڑ دیں اور پھر کپڑے سے صاف کرلیں، فٹنگ چمک جائےگی۔ شاور پر سے صابن اور پانی کے داغ دھبے صاف کرنے کے لئے ایک نرم کپڑے کو سفید سرکہ میں بھگو کر شاور پر رگڑیں، شاور چمک اٹھے گااور آپ کو کو اپنا باتھ روم نیا محسو س ہوگا ۔ 

تازہ ترین