• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ کاجول 5اگست 1974ء کو ہندوستان کی ریاست مہارشٹرا کے شہر ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ ان کی والدہ اداکارہ ’تنوجا‘ مراٹھی اور ہندی فلموں کی اداکارہ رہ چکی ہیںاور نانی شوبھنا سمرتھ بھی اداکارہ تھیں۔ کاجول کے والد شومُو مکھرجی ممبئی فلم انڈسٹری کے معروف فلمساز تھے۔ کاجول کی چھوٹی بہن تنیشا بھی کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں اور اب بھی بالی ووڈ کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں، تاہم بدقسمتی سے تنیشا کے حصے میں وہ کامیابی نہ آسکی، جو کاجول نے حاصل کی۔ مشہوہ اداکارہ رانی مکھرجی، کاجول کی کزن ہیں۔

کاجول نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 1992ء میں فلم ’بے خودی‘ سے کیا، جس میں انہوں نے رادھا کا کردار اداکیا تھا،اس فلم میں کاجول کے مقابل کمل سدھانا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جبکہ فلم کے ڈائریکٹر راہول رویل تھے۔ اس فلم کو باکس آفس پر کوئی خاص کامیابی نہ مل سکی اور آج کمل سدھانا کسی کو یاد بھی نہیں ہوگا، تاہم اس فلم میںاپنی اداکاری کے بل بوتے پر کاجول شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ پہلی فلم کے 2سال بعد کاجول کی شاہ رخ خان کے ساتھ1993ء میں فلم ’بازیگر‘ ریلیز ہوئی اور اس فلم نے کاجول کو بالی ووڈ کی صفِ اول کی ہیروئنز میں شامل کروادیا۔ اس فلم میں کاجول نےاپنی بے ساختہ اداکاری کے بھرپور جوہر دکھائے اور فلم کو باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔ بازیگر، یہ دل لگی، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، کرن ارجن، عشق، دشمن، پیار کیا توڈرنا کیا، کچھ کچھ ہوتا ہے، کبھی خوشی کبھی غم، فنا، یو می اور ہم، وی آر اے فیملی، مائی نیم از خان اور دل والے کاجول کی چند مشہور فلمیں ہیں۔

اب کافی عرصے کے بعد فلم ’ہیلی کاپٹر ایلا‘ کے ذریعے کاجول کی بالی ووڈ میں ایک بار پھر واپسی ہورہی ہے۔ فلموں میں کاجول کی جوڑی کو شاہ رخ خان کے ساتھ بہت زیادہ پسند کیا جاتا رہا ہے۔

ازدواجی زندگی

ابھی کاجول اپنے کیریئر کے عروج پر ہی تھیں کہ کیریئر شروع کرنے کے صرف 8سال بعد ہی کاجول نے 24 فروری 1999ء کو اداکار اجے دیوگن کو زندگی کا ساتھی بنا لیا۔ ان کی ایک بیٹی ’ نيسا‘ اور ایک بیٹا’ یُگ‘ ہے۔ وہ اجے دیو گن اور اپنے 2بچوں کے ساتھ خوش وخرم زندگی گزار رہی ہیں۔

ایوارڈز اور اعزازات

کاجول ابھی تک کُل 6فلم فیئر ایوارڈ اپنے نام کرچکی ہیں، جن میں سے 5 بہترین اداکارہ کے ایوارڈ ہیں، جو خود ایک ریکارڈ ہے، یہ ریکارڈ اداکارہ نوتن کو بھی حاصل ہے، جو کاجول کی سگی خالہ ہیں۔ کاجول نے منفی کردار بھی بخوبی نبھائے ہیں، جن میں فلم ’گپت‘ بھی شامل ہے، جس کے لیے انہیں بہترین منفی کردار کے فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ کاجول کو2011ء میں ہندوستان کے سب سے بڑے سویلین اعزاز پدما شری سے بھی نوازا گیا۔

’ہیلی کاپٹر ایلا‘ میں کاجول کا کردار

کاجول جلد ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’ہیلی کاپٹر ایلا‘ میں ایک دلچسپ کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ وہ اس فلم میں پہلی بار ایک نوجوان لڑکے کی والدہ کے روپ میں دکھائی دیں گی۔ صرف یہی نہیں، وہ اس فلم میں اپنے ہی کالج پڑھنے والے بیٹے کی کلاس فیلو بنتی بھی نظر آئیں گی۔ 

فلم کی پروموشن ان دنوں زوروں پر ہے اور پروموشن ایونٹ میں کاجول ہر بار ایک دلچسپ بات کاانکشاف کرتی ہیں۔ گزشتہ دنوں، فلم کے ایک پروموشن ایونٹ کے موقع پر، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے ایک عجیب خواہش کا اظہار کرتے ہوئے، اپنی زندگی کے اہم سال اپنے شوہر اجے دیوگن اور بالی ووڈ کےبادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ گزارنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دراصل، ان سے سوال کیا گیاکہ اگر انہیں زندگی میں ایک بار پھر کالج میں پڑھنے کا موقع ملے تو وہ کن اداکاروں کو اپنا کلاس فیلو بنائیں گی، جس پر انہوں نے اپنے شوہر اجے دیوگن اور ساتھی اداکار شاہ رخ خان کا نام لیا۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوجائے تو زندگی ان کے لیے بہت حسین ہوجائے گی۔

بیٹی کا فلموں میں کام سے انکار

زیادہ تر اداکاروں کے بچے اپنے والدین کی طرح بالی ووڈ میں اپنا کیریئر بنانا چاہتے ہیں، جن میں سے بہت سارے ’اسٹارکڈز‘ توفلموں میں انٹری بھی دےچکے ہیں اور خاصے کامیاب بھی ہوئے ہیں لیکن چند ایسے بھی ہیں، جو اپنے والدین کی طرح بالی ووڈ میں نہیں بلکہ کسی اورشعبے میں قسمت آزمائی کرنا چاہتے ہیں۔ ان ہی میں سے ایک کاجول اور اجے دیوگن کی 15سالہ بیٹی نیسا دیوگن بھی ہیں، جو اداکارہ کے بجائے شیف بننا چاہتی ہیں۔ نیسا نے اس سلسلے میں پریکٹس بھی شروع کردی ہے۔ 

کاجول کا اپنی بیٹی کے مستقبل کے حوالے سے کہنا ہے کہ نیسا کو کھانا بنانے کا بہت شوق ہے، وہ بہت اچھی بیکنگ کرتی ہے اور بہت لذیذ براؤنی بناتی ہے، اس کے ہاتھ کی بنی ہوئی براؤنی مجھے اور اجے کو بہت پسند ہے تاہم یہ اس کا صرف شوق نہیں ہے بلکہ وہ مستقبل میں بھی اسی فیلڈ میں کیرئیر بنانے کا ارادہ رکھتی ہے اور ایک کامیاب شیف بننا چاہتی ہے۔ کاجول کا کہنا ہے کہ وہ اور اجے کبھی بھی اپنی بیٹی پر اداکارہ بننے کیلئے زور نہیں دیں گے بلکہ ان کی طرف سے پوری آزادی ہے کہ نیسا جو بننا چاہتی ہے، بنے۔

تازہ ترین