• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

27دسمبر 1965ء کو پیدا ہونے والے عبدالرشید سلیم سلمان خان المعروف سلمان خان نے فلموں میں اداکاری کا آغاز1988ء میں فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ سے کیا، تاہم ان کو پہلی کامیابی1989ء میں فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے ملی، جس پر انھیں فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اپنے 30سال پر محیط کیریئر میںسلمان نے کم از کم 12بلاک بسٹر فلموں کے علاوہ درجنوں کامیاب فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ سلمان خان، بالی ووڈ کے واحد اداکار ہیں، جن کی گزشتہ 13فلمیں، یکے بعد دیگرے 100کروڑ یا اس سے زائد کا کاروبار کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ (’سن آف سردار‘ اور ’جڑواں2‘ مزید دو ایسی فلمیں ہیں، جو 100کروڑ کلب میں شامل ہیں، جن میں سلمان خان نے اسی عرصے میں مختصر کردار ادا کیا)۔ سلمان خان کی آخری ریلیز ہونے والی فلم ’ریس3‘ ناقدین کی جانب سے بُرے ریویوز کے باوجود 3دن میں 100کروڑ اور ہندی باکس آفس پر مجموعی طور پر 163کروڑروپے سے زائد کا کاروبار کرنے میں کامیاب رہی۔ بلاشبہ آج بالی ووڈ میں سلمان خان کو وہ مقام حاصل ہے، جو 70اور 80کی دہائی میں راجیش کھنہ اور امیتا بھ بچن کو حاصل تھا یا موجودہ دور میں ساؤتھ انڈیا میں رجنی کانت کو حاصل ہے۔ یہ بات باکس آفس کے اعدادوشمار سے بھی ثابت ہوتی ہے۔ موجودہ عشرے میں (2010ء سے اب تک)، سلمان خان بالی ووڈ کے سب سے کامیاب اداکار رہے ہیں، جن کی 14فلمیں مجموعی طور پر 2,610کروڑ 92لاکھ روپے کا بزنس کرچکی ہیں۔

تاہم، سلمان خان فلم انڈسٹری میں 30سال گزارنے کے بعد آج بھی ایسا محسوس کرتے ہیں، جیسے وہ کل ہی فلموں میں آئے ہوں۔ سلمان خان کہتے ہیں کہ وہ کل اور آج میں صرف ایک ہی فرق محسوس کرتے ہیں کہ تین دہائیوں قبل غالباً پروڈیوسرز ان کی فلموں سے اتنا پیسہ نہیں کما رہے تھے، جتنا کہ آج، تاہم اس وقت کے لحاظ سے سلمان کی کئی فلمیں، جیسے ’میں نے پیار کیا‘، ’ساجن‘، ’ہم آپ کے ہیں کون‘، ’کرن ارجن‘، ’جڑواں، ’پیار کیا تو ڈرنا کیا‘‘ اور ’بیوی نمبر وَن‘ وغیرہ بلاک بسٹر فلمیں تھیں۔ سلمان کہتے ہیں، ’’ایسا لگتا ہے کہ میں نے اپنی پہلی بڑی فلم ’میں نے پیار کیا‘، ابھی پرسوں ہی سائن کی ہے اور آج اپنی اگلی فلم کو پروموٹ کرنے نکلا ہوں۔ میں کل میں نہیں رہتا، بلکہ بس مزید کام، کام اور کام کرتے رہنا چاہتا ہوں‘‘۔ سلمان خان آج بھی اپنے والدین کے ساتھ گیلیکسی بلڈنگ کے اسی اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں، جس میں وہ فلموں میں آنے اور سپراسٹار بننے سے پہلے رہتے تھے۔

آج بھی سپراسٹارڈم کی بات کریں، تو بالی ووڈ میں کوئی بھی دوسرا اداکار سلمان خان کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ سلمان غالباً، اس وقت بالی ووڈ کا واحد ایسا اداکار ہے، جو کسی بھی فلم کو اپنے کندھوں پر اُٹھا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ’ٹیوب لائٹ‘، ’جے ہو‘ اور حالیہ ’ریس 3‘ جیسی فلمیں کمزور اسکرپٹ کے باوجود 100کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔

عامر خان اور شاہ رخ خان کو سلمان خان کا قریب ترین حریف سمجھا جاتا ہے اور خوش قسمتی سے یہ تینوں خان ایک دوسرے کے بہترین دوست بھی ہیں۔ صرف یہی نہیں، گزشتہ تین دہائیوں سے بالی ووڈ پر ان تینوں خان ہیروز کا ہی راج ہے۔ سلمان خان کی12بلاک بسٹر فلموں کے مقابلے میں شاہ رخ اور عامر کی بلاک بسٹر فلموں کی تعداد، اگر صرف ہندی باکس آفس کو مدِ نظر رکھا جائے تو 8ہے۔ یہ دونوں خان، سلمان کے قریب صرف اس وقت آتے ہیں، جب ان کی فلموں کی اوورسیز مارکیٹ کو بھی شامل کیا جاتا ہے۔

گزشتہ کئی برسوں سے سلمان خان’فوربز‘ کے مہنگے ترین اداکاروں کی فہرست میں شامل رہے ہیں اور اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سلمان خان ’فوربز 2018ء‘کے مہنگے ترین اداکاروں کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔

سلمان خان ایک انسان دوست شخصیت بھی ہیں اور اپنے ادارے ’بی ئنگ ہیومن فاؤنڈیشن‘ کے ذریعے کئی خیراتی کام کرتے ہیں۔ سلمان خان کی ذاتی زندگی کئی تنازعات کا شکار رہی ہے۔ کئی ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ افیئرز اور پھر ان میں ناکامی کو سلمان خان کی زندگی کا ایک اہم پہلو کہا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ، قانونی حوالے سے سلمان کو درپیش مسائل بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔ ممبئی ’ہٹ اینڈ رَن‘ کیس میں تو سلمان خان بے قصور قرار دیے جاچکے ہیں، تاہم کالے ہرن کے شکار کے کیس میں جودھپور کی عدالت نے انھیں پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ فیصلے کے خلاف سلمان خان کی اپیل زیرِ سماعت ہے اور حتمی فیصلے تک انھیں ضمانت پر رہائی دی گئی ہے۔

سلمان خان نے زندگی میں کافی اُتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، تاہم سلمان کہتے ہیں کہ انھوں نے اُتار چڑھاؤ اور مشکلات کے باوجود کبھی بھی محنت سے جی نہیں چُرایا۔ کام کے حوالے سے بات کریں، تو سلمان کا بلاک بسٹر ٹی وی شو حال ہی میں اختتام پذیر ہوا ہے، جبکہ اگلا ٹی وی شو جلد ہی شروع ہوجائے گا۔ ساتھ ہی سلمان اپنی اگلی بڑی فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ بھی کررہے ہیں، جس کے بعد وہ دبنگ سیریز کی تیسری فلم پر کام شروع کریں گے، جسے پرابھو دیوا ڈائریکٹ کریں گے۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین