لاہور (مقصود اعوان) ضمنی انتخابات میں چکوال اور گجرات کے قومی اسمبلی کے 2حلقوں این اے 65 اور این اے 69سے مسلم لیگ کے امیدواروں چوہدری سالک حسین اور چوہدری مونس الٰہی کی کامیابی کے بعد گجرات کے چوہدری ظہور الٰہی شہید کے خاندان کی تیسری نسل اسمبلی ایوانوں میں پہنچ گئی، ان کے2؍ پوتے، 2؍ داماد اور 2نواسہ اور نواسی سمیت 6؍ افراد قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی کریں گے۔ چکوال سے نومنتخب ایم این اے چوہدری سالک حسین، سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت کے صاحبزادے اور چوہدری ظہور الٰہی کے پوتے ہیں جبکہ گجرات سے منتخب ہونے والے چوہدری مونس الٰہی، ظہور الٰہی کے نواسے اور چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے ہیں۔ اس سے قبل چوہدری ظہور الٰہی کے پوتے اور چوہدری وجاہت حسین کے صاحبزادے حسین الٰہی گجرات، ان کے 2؍ داماد اٹک سے میجر طاہر صادق، پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی اور چوہدری پرویز الٰہی اسپیکر پنجاب اسمبلی ہیں جبکہ چوہدری ظہور الٰہی کی نواسی سابق ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری ریاض وڑائچ کی صاحبزادی بسمہ ریاض بھی پنجاب اسمبلی کی رکن ہیں اس خاندان کے منتخب 6؍ ارکان میں 4؍ قومی اسمبلی اور 2؍ پنجاب اسمبلی کے رکن ہیں۔