• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ریلوے کی دو نئی ٹرینوں کا افتتاح

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دو نئی ٹرینوں کا افتتاح کردیا، موئن جو دڑو ایکسپریس روہڑی سے کوٹری تک چلائی جائے گی جبکہ روہی فاسٹ پسنجر روہڑی سے خانپور تک چلائی جائے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے مزدوروں کو مراعات فراہم کریں گے، پاکستان ریلوے کے پاس ایک لاکھ 96 ہزار ایکڑ زمین ہے، ریلوے کے سارے مزدوروں کو اے گریڈ میں ترقی دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے کو سی پیک منصوبے میں اہم کردار حاصل ہوگا، سی پیک چین کی اسٹریٹجک منصوبہ بندی کی بنیاد ہے، چین کے ساتھ ایم ایل ٹو پر بھی بات کروں گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جتنی غربت سکھر میں دیکھی پاکستان میں کہیں نہیں دیکھی، کرپشن کرنے والا اس شہر میں معزز بن جاتا ہے، کرپشن بڑے آدمی کے ماتھے کا جھومر بن گئی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈی ایس ریلوےکو کہا ہے غریب کو ہاتھ نہ لگاؤ، امیر کو چھوڑو نہیں، میرے پاس جو بھی اختیارات ہیں ان کو بروئے کار لاؤں گا، 100 دنوں میں فریٹ ٹرین کے مستقبل کا فیصلہ کروں گا، دو مہینوں میں کوئی پالیسی دی نہ کسی کو تبدیل کیا۔

وزیر ریلوے نے سمندر پار پاکستانیوں کو مال گاڑی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

تازہ ترین