• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر میں باغ یا باغ آرام کرنے کے لیے ایک بہترین جگہ ہے۔ شام میں ایک کپ چائےیا موسم سرما میں اپنے دوستوں کے ساتھ خوش گپیوں سے لطف اندوزہونے کے لیے اس سے بہتر جگہ کا ملنا شاید ممکن نہیں۔ آپ باغ میں ایک چھت، ایک باربی کیو سیٹ، ایک سوئمنگ پول، ایک تالاب، ایک جیکوزی (بڑا نہانے کا ٹب جِس میں اندر سے فوارے پھوٹتے ہیں جو جِسم کی مالش کرتے ہیں) اور ایسی متعدد چیزیں ہیں،جنھیں سجانے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی آپ کے باغ کے لیے کچھ چیزیں اہم ہیں، جیسے باغ میں مختلف رنگوں کا استعمال۔ آپ کےگھر کا باغ چاہے چھوٹا ہے یا بڑا، آپ روشن خیال رنگوں او رمنفرد اشیا کا استعمال کرکے، اپنے باغ میں ایسی جدت لاسکتے ہیں، جو اسے دیگر تمام باغوں سے منفرد بنادے گا۔ باغ کی سجاوٹ کے لیے کچھ تجاویز پیشِ خدمت ہیں، جن پر عمل کرکے آپ اپنے باغ کی خوبصورتی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

دیواروں کا استعمال

باغ کی دیواروں کو قوس و قزح کے رنگوں سے پینٹ کریں۔ یہ آپ کی طبیعت، مزاج اور ماحول پر انتہائی خوش گوار اثرات مرتب کرے گا۔

ماحول دوست تصور

باغ کو ماحول دوست بنانے کا آئیڈیا سب سے پہلے ملائیشیا کے ایک باغبان نے پیش کیا تھا، جب اس نے پرانے استعمال شدہ پائپوں کا فریم بنا کر اس میں پودے اُگانے کا آغاز کیا۔اس کے بعد اس آئیڈیا کو دبئی کی Sustainable Cityمیں بھی دُہرایا گیا۔ اگر آپ بھی ماحول دوست باغ بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے اس سے بہتر اور کیا آئیڈیا ہوسکتا ہے۔ آپ کو اپنے باغ یا گھر کے کسی بھی حصے کی تزئین کے لیے بس تھوڑا سا تخلیقی ہونا پڑے گا، پھر آپ دیکھیں گے کہ ’بجٹ‘ جیسے مسائل آپ کے ذوق کے آڑے نہیں آئیں گے۔

گزر گاہ بنانے کیلئے لکڑی کا استعمال

آپ لکڑی کے تختوں کی صفائی ستھرائی کرکے ان کو مخصوص طریقے سےباغ میں بچھا کر لکڑی کی سادہ مگر شاندار گزر گاہ بناسکتے ہیں۔ باغ کا یہ حصہ پکنک اور بچوں کے پلے گراؤنڈ کے لیے بہترین ثابت ہوگا۔

غیر ہموار سطحیں

اگر باغ کی جگہ ہموار نہیں ہے تو اسے ہموار کرنے کی بالکل بھی ضرورت نہیں ہے۔ کیونکہ گھر اور لان کے درمیان اور یہاں تک کہ لان کی اپنی سطح کا غیر ہموار ہونا آپ کو ایک زبردست موقع فراہم کرتا ہے کہ آپ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بہترین انتخاب کرتے ہوئے اسے انتہائی پرکشش بنادیں۔ اس کے علاوہ، آپ روشنی کے کھمبے کا اضافہ کرنے کا تجربہ کرسکتے ہیں، جو جگہ کے بنیادی تاثر کو بڑھانے کے علاوہ ماحول کو بھی مزید خوبصورت بنا ئے گا۔

میز اور کرسیاں

باغ کے کسی کونے یا مرکز میں، جہاں آپ کو جگہ کی مناسبت سے بہتر معلوم ہے، ایک سادہ سی میز اور چند کرسیاں رکھ دیں، جہاں آپ اپنے فرصت کے لمحات سکون کے ساتھ گزار سکیں۔ یہ روایتی طرز کی سیٹنگ چائے کافی پینے یا کوئی کتاب پڑھنے کے لیے موزوں ہے۔

جدت کی اہمیت

اگر آپ کے باغ میں تالاب ہے تو تالاب کی ظاہری شکل کو بہتر بنانے میں بہت سی چیزیں شامل ہوتی ہیں۔ تھوڑی سی زیادہ محنت سے آپ اپنے باغ والے تالاب کو خوبصورت بنا سکتے ہیں۔ اپنے تالاب کو مزید بہتر بنانے کے لیے آپ اس میںمناسب سوئمنگ پول لائٹس، پودے اور آبشار نصب کر سکتے ہیں۔

سائیکل پر گلدان

اپنے گھر کی استعمال شدہ سائیکل کو مختلف شوخ رنگوں سے پینٹ کریں اور اس پر اپنی پسند کے پودے اور پھول گملوں میں سجائیں۔ آپ دیکھیں گے کہ یہ سائیکل پلانٹس ہر آنے جانے والے کی توجہ کا مرکز بن جائیں گے۔ اس طرح آپ پرانی سائیکل کو قابلِ استعمال بنا کر ماحول دوست ہونے کا ایک اور شاندار ثبوت دیں گے۔ اس سجاوٹ میں انتہائی کم پیسے خرچ ہوں گے۔

سجاوٹی آبشار

پتھر کی دیوار اور اس سے گرتا پانی، قدرت سے لگاؤ رکھنے والوں کے لیے خوشگوار احساس سے کم نہیں۔ مگر کیا آپ نے کبھی اس خوبصورتی میں اضافے کا سوچا ہے؟ دیوار میں طاق بنانا اس کو سجانے کا اچھا طریقہ ہیں اور یہ پانی کی خوبصورتی بھی بڑھاتا ہے۔ دیوار میں طاق بنائیں اور اس میں اس طرح پودے رکھیں کہ وہ آبشار کے قریب ہوں مگر ان میں پانی نہ گرے۔

گملوں کا ذہانت مندانہ استعمال

گملے کسی بھی سائز کے ہو سکتے ہیں۔ ان کے ذریعے ایک پوری دیوار سجائی جاسکتی ہے۔ ان پر خوبصورت رنگ و روغن کر کے انہیں رنگ برنگے پھولوں سے سجائیں۔ آپ بازار سے مختلف اقسام کے ہک اور گملے حاصل کر سکتے ہیں۔ انہیں لکڑی کے تختوں والی جگہ پر لگا دینا ایک اچھی تجویز ہے۔

تازہ ترین