• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں پاکستان آرمی اور افغان کلب چمن نے اپنے اپنے میچز جیت لئے جبکہ مسلم کلب اور کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔آرمی کے متین نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کئے۔

لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں پاکستان آرمی اور مسلم کلب کے درمیان میچ کے آغاز سے ہی آرمی کی ٹیم کا انداز جارحانہ تھا۔ آرمی کے کھلاڑی مخالف ٹیم پر مسلسل حملے کرتے رہے۔33 ویں منٹ میں متین نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔

سات منٹ بعد ایک اور عمدہ موو کے ذریعے متین نے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر آرمی کو 2-0 کی برتری حاصل رہی۔

دوسرے ہاف میں مسلم کلب کی کارکردگی عمدہ رہی اور آرمی کے گول پر اجتماعی حملے کئے لیکن مضبوط دفاع ہونے کے باعث آرمی کی ٹیم پر گول نہ ہوسکا۔

دوسرے میچ میں کراچی پورٹ ٹرسٹ اور افغان کلب چمن کے درمیان دلچسپ مقابلہ رہا۔ دونوں طرف سے اچھی مووز کے باوجود گول نہ ہوسکا۔

دوسرے ہاف میں افغان کلب نے بہتر حکمت عملی کے تحت کے پی ٹی کے گول پر حملے کئے اور59 منٹ میں عبدالرحیم نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی دو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔

تازہ ترین