وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر آبی وسائل اور پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کو والو مین کی نوکری کی پیش کش کر دی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ میں آسامی ہوئی تو کہوں گا کہ فیصل واوڈا کو بھرتی کرلے، پاکستان کوارٹرز کی جگہ سندھ کی نہیں وفاق کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ والو بند کرنا اور کھولنا کسی اور کا کام ہے، فیصل واوڈا نے کہا ہےکہ انہیں والو بند کرنا اور کھولنا آتا ہے، اگر کوئی ویکسنی ہوئی تو واٹربورڈ کو کہیں گے ان کا انٹرویو لیں اور اگر وہ میرٹ پر اترتے ہیں تو انہیں نوکری دیں، اس طرح ان کا شوق پورا ہوجائے گا۔
اس سے قبل بھی سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے کہا کہ پانی کا والو بند کردوں گا،وہ والو مین نہیں ہیں، انہیں والو مین کی نوکری چاہیے تو میں دینے کو تیار ہوں۔
انہوں نے فیصل واوڈا پر مزید تنقید کے تیر برساتے ہوئے کہا تھا کہ کہا کہ کم عقل لوگ 18 ویں ترمیم رول بیک اور این ایف سی میں حصہ کم کرنےکی باتیں کررہے ہیں، حکومت میں آنا آسان ہے، حکومت کرنا الگ چیز ہے، کچھ کہوں گا تو بر امان جائیں گے، فیصل واوڈا حکومت کرنا سیکھیں دھمکیاں نہ دیں، سندھ پاکستان کا حصہ ہے، مدد کریں احسان نہیں ہوگا۔