کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کر کٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے عظیم بیٹسمین جاوید میانداد نے ہفتہ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات کی اور ڈیم فنڈ میں 2 لاکھ روپے جمع کرائے۔ انہوں نے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 1992 کے فائنل میں استعمال کی جانے والی گیند فاتح ٹیم کے کپتان و موجودہ وزیر اعظم عمران خان اور اپنے دستخط کے ساتھ چیف جسٹس کو پیش کی تاکہ اسے نیلام کرکے ملنے والی رقم ڈیم فنڈ میں جمع کرائی جاسکے۔ بعدازاں جاوید میانداد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ 1992 کی نایاب بال مجھے 10 سال بعد امپائر نے دی تھی اور کہا تھا کہ یہ گیند آپ کے بہت کام آئے گی۔ جاوید میانداد نے کہا کہ امید ہے اس گیند کی نیلامی میں لوگ دلچسپی لیں گے اس سے خطیر رقم ملے گی۔،جاوید میانداد نے کہا کہ پانی بنیادی ضرورت ہونے کے ناطے ہم سب کیلئے بے حد ضروری ہے، ہمیں اپنے آبی وسائل کیلئے سنجیدگی کے ساتھ سوچنا ہوگا۔ انہوں نے اپنے عزم ک اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بہتری کیلئے مجھے کچھ کرنا پڑا تو میں ضرور کروگا۔ جاوید میاں داد نے کہا کہ سیاست میں آنا ہوتا تو بہت پہلے آجاتا، لیکن ملک کیلئے سیاست کو میری ضرورت پڑی تو ضرور اس میدان میں قدم رکھوں گا۔