• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باسل میں فتح،فیڈرر نے 99واں ٹینس ٹائٹل جیت لیا

باسل ( جنگ نیوز ) سوئس ٹینس کنگ راجر فیڈرر ایک بار پھر چھاگئے۔37 سالہ اسٹار نے سوئس انڈور چیمپئن شپ جیت لی۔ انہوں نے فائنل میں کوالیفائر ماریوس کوپل کو 7-6 (5)، 6-4 سے ہرادیا۔ ہوم گرائونڈ پر جب 12 ہزار پرستاروں کے سامنے انہوں نے ٹرافی کو چوما تو یہ منظر بہت جذباتی تھا۔ یہ فیڈرر کے کیریئر کا 99 واں اعزاز ہے۔ وہ اب تک باسل میں نو بار چیمپئن بن چکے ہیں۔ اس کورٹ پر فیڈرر لڑکپن میں بال بوائے کے فرائض انجام دیا کرتے تھے۔ اب امریکی سابق ٹینس پلیئر جمی کونرز کے عالمی ریکارڈ کے تعاقب میں ہیں، انہوں نے 109 بین الاقوامی ٹائٹلز اپنے نام کیے تھے۔ عالمی رینکنگ میں 93 ویں نمبر پر موجود رومانیہ سے تعلق رکھنے والے کوپل کا ٹینس کے عظیم اسٹار سے کوئی مقابلہ نہیں تھا۔ لیکن انہوں نے پہلے سیٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ٹائی بریک تک لے جانے میں کامیابی حاصل کی البتہ دوسرے سیٹ میں فیڈرر نے زیادہ بہتر کھیل پیش کیا۔ 151واں ٹینس فائنل کھیلنے والے فیڈرر نے اب تک 20گرینڈ سلم چیمپئن شپ جیتی ہوئی ہیں اس کے برعکس کوپل نے کیریئر میں صرف ایک گرینڈ سلم میچ ہی جیتا ہے۔ فتح کے بعد فیڈرر کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے جادوئی ہفتہ تھا۔ ایسا لگا جیسے میں خواب میں جی رہا ہوں۔ دریں اثنا یہ جیت فیڈرر ہی نہیں بلکہ ان کی اہلیہ مرکا کے کیلئے جذباتی ثابت ہوئی۔ ایک موقع پر جب فیڈرر نے پوائنٹ حاصل کیا تو وہ سیٹ سے اچھل پڑیں۔ ٹرافی وصول کرتے ہوئے فیڈرر کے ساتھ تماشائیوں میں موجود مرکا کو بھی خوشی سے روتے ہوئے دیکھا گیا۔

تازہ ترین