• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کی ترقی شروع ہوگئی،خدا کرے دیانتدار محب وطن قیادت ملے،چیف جسٹس

لاہور(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل)چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملک کو پہلی مرتبہ ٹیک آف کی جانب گامزن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کرے ملک کو ایسی د یانتدار اور محب وطن قیادت ملے جو ملک کو آگے لیکر جائے اور جن کی کوشش سے اس ملک میں ترقی ہو اور آنے والی نسلوں کو آسانیاں پید کریں اور ہم لوگ بھی دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جائیں، پاکستان کو کئی چیزوں میں اصلاح کی شدت سے ضرورت ہے،دیامر بھاشا ڈیم پر جنوری میں کام شروع ہوگا۔ لاہور میں برصغیر پاک و ہند کے معروف صوفی بزرگ سید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش کے 975ویں سالانہ عرس کی 3روزہ تقریبات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخشؒ اور آپ جیسے دیگر صوفیاء کے فیضان کے سبب پاکستان انشاء اللہ ایک مضبوط اورمستحکم ملک کی صورت میں دنیا کے نقشہ پر ضرور معتبر ہوگا ، داتا گنج بخشؒ نے ہمیں امن، پیار، محبت کا پیغام دیا اور اسی پیغام کی وجہ سے انہوں نے 90لاکھ لوگوں کو مسلمان کیا ان کی روحانیت کا آج یہ عالم ہے کہ اتنی رونقیں جہانگیر کے مقبرے میں نہیں ہیں جتنی داتا دربار پر ہے ، ایسے بزرگوں کی لاہور اور ملک پر رحمتیں ہیں اور ان کا ہمارے لیے ایک ہی پیغام تھا کہ دین پر عمل کریں، دین پر دکھاوے کے لیے نہیں بلکہ مکمل طور پرعمل کریں اور پیروی کرتے ہوئے اس پر سب سے بڑا پیغام دیا گیا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنا اور لوگوں کے لیے سہولتیں پیدا کرنا ہے ،میرے والد محترم بڑے معتقد تھے ، تہجد اور فجر کی نمازیں یہاں پڑھتے تھے ، ان بزرگوں کی تعلیم یہی تھی کہ ہمیں اسلام کی روح پر عمل کرنا ہے،خطے میں اسلام پھیلانے والے کئی بزرگ اس دھرتی میں دفن ہیں، ہمیں اس ملک سے پیار کرنا ہے ، اس کیلئے بہت قربانیاں دی گئیں ۔

تازہ ترین