لاہور (نمائندہ جنگ) پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ عمران خان جعلی وزیرا عظم ہیں وہ ہر روز دھمکیاں دیتے ہیں ، نیب پراسیکیوٹر کے پاس آئیں بائیں شائیں کے سوا کچھ نہیں تھا۔ احتساب عدالت لاہور میں شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پریس کانفرنس میں ان کے اندر کا خوف بولتا ہے، جعلی ووٹوں کے ذریعے جعلی وزیراعظم بن کر آئے ہیں عوام یہ کھیل تماشا دیکھ رہے ہیں، نیب اور منشا بم میں کوئی فرق نہیں، منشا زمینوں کو قبضہ میں لیتا تھا اور نیب لوگوں کی آزادی پر قبضہ کرتا ہے، شہباز شریف کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا ۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ شہباز شریف کو صاف پانی کمپنی کیس میں بلایا جاتا ہے اور آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا جاتا ہے، عمران خان کہتے ہیں کہ میں احتساب کروں گا 50لوگوں کو گرفتار کروں گا، نیازی صاحب آپ مجھے بتائیں کہ آپ کی کابینہ میں بیٹھے لوگ کون ہیں یہ پرویز خٹک، علیم خان، پرویز الہیٰ یہ لوگ بھی نیب میں پیشیاں بھگتتے رہے ہیں اور نیازی صاحب خود مسٹر کلین نہیں۔