جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آل پارٹیز کانفرنس فوری بلانے کا فیصلہ موخر کردیا، فضل الرحمان نے پہلے شہباز شریف کو اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس بلانے کا مشورہ دیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پارٹی اجلاس میں تجویز دی گئی ہے کہ اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بلا کر ٹی او آرز طے کرلیے جائیں، شہبازشریف سے پارٹی سطح پر رابطہ کررہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جے یو آئی ف کا اجلاس ہوا، جس میں اے پی سی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے ٹی آو آرز طے کرنے پر مشاورت ہوئی۔
فضل الرحمان نے کہا کہ ن لیگ نے تجویز دی ہےکہ اےپی سی سے پہلے کچھ معاملات طےکرلیےجائیں، میں نے راجہ ظفر الحق سے کہا کورکمیٹی اجلاس کے بعد آپ کو آگاہ کرسکیں گے، زرداری صاحب کا واضح موقف تھا کہ وہ آنے کے لئے تیار ہیں۔
فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ایسا نہیں کہ نوازشریف کسی اور کی وجہ سے نہیں آرہے، نواز شریف اپنے گھرکی صورت حال اور صدمے کی وجہ سے نہیں آرہے۔
فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ سب سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہے کہ سب کو ایک پلیٹ فارم پر ہونا چاہئے، ن لیگ نے تجویز دی ہے کہ اےپی سی سےپہلےکچھ معاملات طے کرلیے جائیں، میں نے راجہ ظفر الحق سے کہا ہے کہ کورکمیٹی اجلاس کے بعد آپ کو آگاہ کرسکیں گے۔