راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) پی ایچ اے نےشہر خصوصاً مری روڈ کے کاروباری مراکز پر ایک سائز کے تشہیری بورڈزکی تنصیب سمیت عمارتوں کو پینٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو سکے ، اس سلسلے میں چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود نے شہر کی تاجر تنظیموں اور پرائیویٹ کمپنیوں سے اپنے روابط تیز کر دیئے ہیں ، جو بھی کمپنی ان عمارتوں کو پینٹ کر کے دیگی وہ اپنی کمپنی کا لوگو بھی تشہیر کیلئے ان عمارتوں وغیرہ پر لگا سکے گی۔چیئرمین پی ایچ اے نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے بل بورڈز کو ہٹانے کے فیصلے پر عملدرآمد تفصیلی فیصلہ آجانے کے بعد شروع کیا جائے گا تاہم ادارے نے متبادل ذرائع آمدن پر کام شروع کر دیا ہے ، نوازشریف پبلک پارک اور سیٹلائٹ پارک میں جھولوں وغیرہ کے حصوں کے حصول کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں کیونکہ یہ پی ایچ اے کا حق ہے، جو اسے ملنا چاہئے۔