لاہور(نمائندہ خصو صی،نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مسلمانوں کو اس وقت ایٹم بم سے زیادہ وحدت کی ضرورت ہے ۔ ملک میں صرف مسلح دہشتگردی نہیں ، سیاسی و معاشی دہشتگردی بھی عروج پر ہے ۔ کرپشن فری پاکستان کے لیے مہم کا آغاز کر دیاہے ،عوام ہمارا ساتھ دیں ۔ دشمن امت مسلمہ کو زبان ، نسل اور علاقائی تعصب کی بنیاد پر تقسیم کر نا چاہتاہے ۔ انہوں نے یہ بات ایوان اقبال میں ہد ی الہادی پاکستان لاہور کے زیر اہتمام اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کی صدارت سید ہارون گیلانی نے کی ۔ کانفرنس سے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق ، سید ہارون گیلانی ، امیر حمزہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مسلم ممالک میں اس وقت شدید انتشار ہے جبکہ نا اتفاقی کے باعث مسلمانوں کا خون ارزاں ہوچکا ہے۔ استعماری ممالک نےہمارے خطے کو ڈسٹرب رکھنے اور دہشتگردی میں مبتلا رکھنے کا منصوبہ بنایا ہواہے ۔ استعماری ممالک کا 70 فیصد اسلحہ مسلمان ممالک خریدتے ہیں اور ہماری بدقسمتی ہے کہ یہ اسلحہ مسلمان ممالک ایک دوسرے کےعوام پر استعمال کر رہے ہیں اور اسرائیل مزے لے رہاہے ۔پنجاب حکومت کا تحفظ حقوق نسواں بل خود خواتین نے مسترد کر دیاہے ۔ یہ بل ہمارے خاندانی نظام پر قدغن لگانے کے مترادف ہے اس سے ماں ، بہن ، شوہر کے مابین عزت و احترام کے رشتے متاثر ہوں گے ۔ ہمارا سب سے پہلا آئین قرآ ن و سنت ہے، پھر آئین پاکستان اور پھر ہماری تہذیب وتمدن ہے جسے ہم نے ہر حال میں قائم رکھنا ہے ۔ 1973 ءکے آئین پر عملدرآمد نہیں ہورہا ۔ اگر اس پر عمل ہوتا تو اتنے بڑے پیمانے پر ملک میں کرپشن نہ ہوتی ۔ کرپشن پر قابو پالیا جائے تو ہمارے تمام ادارے ٹھیک اور مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔ قبل ازیں سراج الحق نے جامع منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کے اجتماع ارکا ن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن فری پاکستان حکمرانوں کی دکھتی رگ ہے ۔ کرپشن کے خلاف ہماری تحریک کامیابی تک جاری رہےگی ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دشمن ملک کو معاشی بدحالی کا شکار کرکے نقصان پہنچانا چاہتا ہے پوری قوم کو مل کر ہر قسم کے اندرونی و بیرونی سازشوں کو مل کر ناکام بنانا ہوگا۔