عالمی نمبر22 ہانگ کانگ کے لیو آئو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے او جی ڈی سی ایل بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش لیگ کے فائنل میں عالمی نمبر 39 ملائشیا کے نافزوان عدنان کو شکست دیدی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ لیگ میں چار عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم کے اسکواش کمپلیکس میں کھیلی جانے والی اسکواش لیگ کے فائنل میں لیو اور نافزوان کے درمیان سخت مقابلہ رہا جس میں ڈیڑھ گھنٹے سے زائد دیر مقابلہ جاری رہا۔ لیو نے اس میچ میں3-2 سے فتح اپنے نام کی۔ فاتح کھلاڑی کو 15 ہزار ڈالر کی انعامی رقم اور خوبصورت ٹرافی دی گئی۔ دیگر کھلاڑیوں کو بھی بھی انعامی رقم اور ٹرافیاں دی گئی۔
فاتح کھلاڑی لیو اے یو نے لیگ کے انعقاد کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے یہاں کھیل کر اور لیگ جیت کر اس سے بھی زیادہ خوش ہوں۔ آئندہ بھی خواہش ہوگی کہ پاکستان آئوں اور یہاں انٹریشنل ایونٹس میں شرکت کروں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ یہاں کے لوگ بہت اچھے اور مہمان نواز ہیں، پاکستان ایک پرامن ملک ہے ہم یہاں ایک ہفتہ قیام کے بعد واپس جارہے ہیں مجھے یہاں کوئی گڑ بڑ نظر نہیں آئی میں دنیا کو پیغام دوں گا کہ وہ پاکستان آئیں اور یہاں کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔
سابق عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی زرک خان جو لیگ کے روح رواں تھے انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسکواش ایسو سی ایشن اور آغا عمر احمد زئی نے لیگ کا کامیاب انعقاد کیا ان کو مبارک باد دیتا ہوں، بلوچستان جہاں کافی عرصے بعد بڑے انٹرنیشنل ایونٹ کا انعقاد ہوا ہے اس سے یہاں کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔ ہمارے ملک میں عالمی کھلاڑیوں کا آنا ضروری ہے۔ ہمارے کھلاڑی ان سے کھیل کر اپنےاندر مزید بہتری پیدا کرسکتے ہیں۔ لیگ کے آرگنائزنگ سیکرٹری عمر اجمل نے بھی لیگ کے انعقاد کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ انشاء لیگ کا مستقبل میں بھی باقاعدگی سے انعقاد ہوگا۔