• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوفیاء کرام نے امن، پیار، بھائی چارے اور برداشت کا درس دیا، مفتی رمضان سیالوی

برمنگھم(آصف محمود براہٹلوی) صوفیاء کرام نے اپنی روحانی تعلیمات کے ذریعے ساری زندگی امن، پیار، بھائی چارے اور برداشت کا درس دیا۔ داتا گنج بخش علی ہجویریؒ نے ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑنے کے ساتھ ساتھ ملی اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا۔ آج دنیا بھر سے انتہا پسندی اور عدم برداشت کے رویوں کے سد باب کیلئے حضور داتا گنج بخش سمیت صوفیاء کرام کی تعلیمات سے استفادہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مفتی حضرت داتا گنج بخش مسجد لاہور مفتی محمد رمضان سیالوی نے علی ہجویری جامع مسجد میں خلیفہ و چیئرمین علی ہجویری ٹرسٹ کے چیئرمین عرفان افضل بٹ کی صدارت میں منعقدہ داتا علی ہجویری کے 33ویں سالانہ عرس مبارک اور الحاج محمد افضل بٹ کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ محمد ایوب ایم بی ای نے نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔مفتی محمد رمضان سیالوی نے مزید کہا کہ حضرت داتا صاحبؒ کی تعلیمات آج بھی ہر خاص و عام کیلئے روشن ہدایات اور کھلی رہنمائی ہیںبلکہ پوری دنیا اوروطن عزیز پاکستان کو جن مسائل کا سامنا ہے مثلاً انتہا پسندی اور عدم برداشت کا خاتمہ حضرت داتا کی ہدایات پر عمل پیرا ہوکر معاشرے کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔ عرفان افضل بٹ نے کہا کہ آج سے تینتیس 33برس قبل الحاج افضل بٹ مرحوم نے حضرت داتا صاحب کا عرس برطانیہ و یورپ کی سرزمین پر شروع کیا۔ یہ حضور داتا کافیض ہے کہ یہ سلسلہ تواتر کے ساھ چل رہا ہے۔ ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ آئندہ اسے جاری و ساری رکھیں گے۔ پیر محمد خطیب الرحمٰن قادری نے کہا کہ صوفیاء کرام کی تعلیمات میں امن، پیار اوربرداشت کا درس پوشیدہ ہے۔ محمد ایوب ایم بی ای نے کہا کہ روحانیت میں طاقت ہے۔ صدیوں پہلے شروع ہونے والے اس سلسلہ میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید نکھار پیداہوا ہے۔ صاحبزادہ فاروق القادری ، حافظ یعقوب نے کہا کہ معروضی حالات کے پیش نظر ہمیں ایسے بچوں کو اس طرف راغب کرنا ہوگا۔ علامہ نیاز احمد صدیقی اور عبدالسلام ہزاروی نے کہا کہ اس دور میں بچوں کی رہنمائی اور ہدایت کیلئے آگے بڑھانا ہوگا۔ پروگرام کے دوران ریفل ٹکٹ کے ذریعے دو عمرے کے ٹکٹ دو خوش نصیبوں کو دیئے گئے۔ اس موقع پر ان خوش نصیبوں کا کہنا تھا کہ یہ خوش قسمتی کی بات اور بلاوا مدینے سے آیا ہے۔ اس کا ذریعے داتا علی ہجویری کا یہ عظیم الشان عرس بنا ہے۔ خطیب صاحبزادہ محمد رفیق چشتی مسجد ہذا عمرہ کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب میں روانگی کے باعث حاضر نہ ہوسکے۔ کثیر تعداد میں کمیونٹی رہنمائوں سمیت پیر محمد طیب الرحمٰن قادری سید رشید شاہ، علامہ نیاز احمد، قاسم صدیق، عبدالسلام ہزاروی، حافظ یعقوب، چوہدری شاہ نواز، چوہدری منظور حسین، چوہدری خادم، مرزا اختر محمود، حاجی بشیر آرائیں، چوہدری امین، چوہدری افضل، چوہدری صدیق، عثمان افضل، عمران افضل، چوہدری اسلم، صاحبزادہ فاروق القادری، قیوم راجہ، عرفان بٹ، فاروق بٹ اور دیگرنے شرکت کی۔ اجتماعی الصلوۃ السلام کے بعد ملکی و قومی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئی اور لنگر تقسیم کیا گیا اس دوران حضرت داتا صاحب کی جانب سے چند شرکاء کو چادریں پیش کی گئی۔ 

تازہ ترین