کراچی(جنگ نیوز) سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز نے ڈیل کرلی ہے یا ڈیل کی کوشش کر رہے ہیں، خاموشی ڈیل نہیں بلکہ حکمت عملی ہے، پارلیمنٹ میں مسلسل گالم گلوچ اور سخت جملوں کے تبادلہ کی ذمہ دار حکومت ہے مگر حزب اختلاف بھی قصوروار ہے،پارلیمنٹ میں گالم گلوچ پارلیمانی کلچر کے زوال کا بدترین اظہار ہے،حکومت نے پارلیمنٹ میں گفتگو کیلئے ضابطہ اخلاق بنانے کی اچھی تجویز دی ہے، ان خیالات کا اظہار مظہرعباس، سلیم صافی،ریما عمر، ارشادبھٹی، حفیظ اللہ نیازی اور امتیازعالم نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آصف زرداری کا نواز شریف کی خاموشی پر تبصرہ کہ شاید حالات کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس پر سلیم صافی نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز یقینا حالات ٹھنڈے کرنے کی کوشش کررہے ہیں، آصف زرداری نے بھی پچھلے ایک سال سے حالات کو ٹھنڈا کیا ہوا تھا ،نواز شریف اور مریم نواز نے ڈیل کرلی ہے یا ڈیل کی کوشش کررہے ہیں، ان کی پراسرار خاموشی کی اس کے سوا کوئی توجیح پیش نہیں کی جاسکتی ہے۔حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس وقت بے بس ہیں، پاکستانی عوام نے ووٹ کے ذریعہ نواز شریف کے بیانیہ کی سپورٹ کی۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ آصف زرداری درست کہہ رہے ہیں نواز شریف حالات ٹھنڈے کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عوامی عدالتیں لگانے اور انقلاب کے نعرے لگانے والے نواز شریف نے خاموش رہنے کی سیاست کی مگر اب حالات اچھے نہیں لگ رہے ہیں۔ریما عمر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی خاموشی کی وجہ ڈیل نہیں بلکہ انہوں نے حکمت عملی تبدیل کی ہے۔ مظہر عباس نے کہاکہ نواز شریف سمجھتے ہیں ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے اسی وجہ سے وہ خاموش ہیں، نواز شریف زرداری سے بھی ناخوش ہیں کیونکہ انہوں نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔