صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نجی تعلیمی ادارے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر پارٹی ترانہ ’’تبدیلی آئی رے۔۔‘‘ بجا دیا گیا، صدر مملکت مسکراتے رہے جبکہ ترجمان ایوان صدر کا کہنا ہے کہ اگر تقریب کے میزبان ترانے بجا دیں تو ایوان صدر کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا ۔
ترجمان کے مطابق صدر مملکت نے اپنے خطاب کے آغاز میں پارٹی ترانہ بجانے پر نا پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا وہ اب صدر مملکت ہیں اور ایسی چیزوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے۔
ترجمان ایوان صدر کہتے ہیں اگر میزبان ترانے بجانا شروع کر دیں تو ایوان صدر کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، ایوان صدر کو جو پروگرام بھیجا گیا تھا اس میں ترانوں کا ذکر موجود نہ تھا۔
ترجمان صدر کاکہنا ہے کہ تقریب میں رقص صدر مملکت کی موجودگی میں نہیں ان کی روانگی کے بعد ہوا۔