• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ کیس، زرداری، فریال کی ضمانت میں 10؍ دستمبر تک توسیع

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بینکنگ کورٹ نے سندھ منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور انکی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 10 دسمبر تک توسیع کردی ہے۔ بینکنگ کورٹ نے آئندہ سماعت پر سابق صدر آصف علی زرداری کو دوبارہ طلب کرلیا۔ دوران سماعت ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے معاملے کی پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ مقدمے کے مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کیلئے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔منگل کوکراچی کی بینکنگ کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق صدر آصف علی زرداری، انکی ہمشیرہ فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے جبکہ گرفتار ملزمان حسین لوائی اور عبدالغنی مجید کوبھی ایف آئی اے نے پیش کیا۔ عدالت نے کیس کی مختصر سماعت کی تو فریال تالپور حاضری لگا کر روانہ ہوئیں جبکہ آصف علی زرداری تاخیر سے عدالت پہنچے اور حاضری لگائے بغیر روانہ ہوئے جس پر فاضل جج نے کہا آصف علی زرداری کی حاضری نہیں لگی وہ ایسے ہی چلے گئے۔ عدالت نے آصف زرداری کو دوبارہ بلانے کا حکم دیاجسکے بعد سابق صدر دوبارہ بینکنگ کورٹ پہنچے اور اپنی حاضری لگائی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 10 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔
تازہ ترین