• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈونا سے سلینا گومز تک سب کا انتخاب ’’ہوپ ایئر رنگز‘‘

سیلیبرٹیز آؤٹفٹ اسٹائل منظر عام آتے ہی فیشن ٹرینڈ کا حصہ بن جاتے ہیں، جنہیں فالو کرنے کے لیےمداحوں کی بڑی تعداد ان کے پیچھے چل پڑتی ہے۔اور جب بات ہو خواتین اداکاراؤں کی تو ان سے متعلق یہ بات عام ہے کہ ان کا فیشن جھمکوں اور بالیوں کے بغیر نامکمل سالگتا ہے۔ لیکن ان ایئر رنگز میں ہوپ ایئررنگز ایک ایسا ٹرینڈ ہے، جن سے متعلق کسی بھی موسم میں خواتین کی رائے لی جائے تو ایک ہی جواب ملتا ہے ’’ہوپ ایئر رنگ کافی ان ہیں‘‘۔ ہالی ووڈ ہو یا بالی ووڈ سیلیبرٹیز کی بڑی تعداد خاص تقریبات کے علاوہ اسٹریٹ اسٹائل کے طور پربھی ہوپ ایئر رنگ کا ہی انتخاب کرتی نظر آتی ہے۔

60 برس کی میڈونا سے لے کر 26برس کی سلینا گومز تک، ہر ایک کی پسندہوپ ایئر رنگ ہی بنتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ فیشن انڈسٹری سے نئے رجحانات جنم لیتے ہیں اور سیلیبرٹیزاسٹائل ہی تقلید کا باعث بنتے ہیں۔یہاں ذکر کرتے ہیں ان سیلیبرٹیز کا، جنہوں نے اہم تقریبات کے لیے ہوپ ایئر رنگ کا انتخاب کیا۔

میڈونا

موسیقی کے رنگا رنگ میلوں کی شہرہ آفاق پاپ سنگر میڈونا نے 1985ء میں پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں لائیو کنسرٹ کے لیے جس جیولری کا انتخاب کیا، وہ گولڈ کے ہوپ ایئر رنگ ہی تھے ۔

سارہ جیسکا پارکر

سارہ جیسیکا کا شمار ہالی ووڈ کی معروف اداکاراؤں میں ہی نہیں بلکہ بزنس ویمن میں بھی ہوتا ہے۔ سارہ دوران شوٹنگ ہی نہیں، کیمرے کے پیچھے بھی اکثر وبیشتر ہوپ ایئر رنگ کا ہی انتخاب کرتی ہیں ۔بلیک اسپورٹ ڈریس کے ساتھ سلور ہوپ ایئر رنگ پہننا سارہ جیسیکا پارکر کو بے حد پسند ہیں۔

ٹیلر سوئفٹ

معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی وجہ شہرت جہاں ایک طرف تو ان کے سپر ہٹ گانے ہیں، وہیں ان کے انو کھے اسٹائل بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔2009ء میں لندن میں منعقد ہونے والے برٹ ایوارڈ میں ٹیلر سوئفٹ نے سلور ڈریس کے ہم رنگ ہوپ ایئر رنگ کا انتخاب کیا تھا۔

وکٹوریہ بیکھم

برطانیہ کی سابق اسپائس گرل وکٹوریہ بیکھم موسیقی کے بعد فیشن ڈیزائننگ میں بھی اپنے کمالات سے مداحوں کی تمام تر توجہ سمیٹ چکی ہیں۔ پھریہ کیسے ممکن ہے کہ کوئی نامور ٹرینڈ ہو اور وکٹوریہ بیکھم اسے نہ اپنائیں؟ وکٹوریہ عام تقریبات کے لیے جینز اور شارٹ ٹاپ کے ساتھ ہوپ ایئررنگ ہی پہننا پسند کرتی ہیں ۔

کرسٹینا ایگولیرا

امریکی پاپ سنگر کرسٹینا ایگولیرا بھی ہالی ووڈ کی فیشن بیوٹیز کے ساتھ پیش پیش ہیں۔ کرسٹینا ایگولیرا بھی میڈونا کی طرح اپنے کنسرٹ آؤٹ فٹ کے لیے ہائی پونی ٹیل کے ہمراہ بڑے سائز کے ہوپ ایئر رنگ کا انتخاب کرتی دکھائی دیتی ہیں ۔

کینڈل جینر

امریکی ماڈل کینڈل جینر کو دنیا بھر میں سب سے مہنگی اور سب سے زیادہ کمانے والی فیشن ماڈل کے طور پر جانا جاتا ہے۔کینڈل جینرنے 2017ء میں ہوپ ایئر رنگ کو جیولری ٹرینڈ کا حصہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس ہوپ ایئر رنگ میری سب سے فیورٹ جیولری میں سے ایک رہے۔

انجلینا جولی

انجلینا جولی کو ہالی ووڈ اسٹائل اسٹار کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انجلینا ویسے توہوپ ایئر رنگ کا انتخاب دیگر ہالی ووڈ کی سیلیبرٹیز کی طرح ایک نہیں کئی بار کرچکی ہیں لیکن انجلینا نے 2008ء میںسیگ ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کے لیے براؤن رنگ کی میکسی کے ہمراہ گولڈ کے خوبصورت ہوپ ایئر رنگ کا انتخاب کیا تھا، جوان کا سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا اسٹائل ثابت ہوا۔

سلینا گومز

2016ء میں سلینا گومز نے گریمی ایوارڈمیں شرکت کے لیے معروف انٹرنیشنل برانڈ کا خوبصورت جگمگاتا نیوی بلو کلر کا گاؤن منتخب کیا، وہیں اس گاؤن کے لیے سلور رنگ کے جگمگاتے ہوپ ایئر رنگ سلینا گومز کی دلکشی کو مزید بڑھانے کا سبب بنے۔

2018ء کا مقبول جیولری ٹرینڈ

ہوپ ایئررنگ 2018ء کا مقبول جیولری ٹرینڈ بھی ثابت ہورہا ہے۔ سیلیبرٹی جیولری ٹرینڈ کی تقلید کرتے ہوئے دیگر خواتین بھی ہوپ ایئررنگ کا ہی انتخاب کرتی نظر آتی ہیں۔ اس برس خواتین میں Asymmetrical Hoops ایئررنگز کا فیشن زیادہ مقبول ہے۔ ایسمیٹریکل ہوپ اسٹائل ایئر رنگز مشرقی یا مغربی دونوں قسم کے لباس کے ساتھ پہنے جارہے ہیں، تاہم میٹل کی ایسمیٹریکل ہوپ اسٹائل ایئر رنگ اس برس زیادہ مقبول ہورہی ہیں ۔دوسری جانب بڑی یا گول بالیوں میں اون ،موتی یا دھاگوں سے بنی چھوٹی بالز کو بالی میں ڈال کر ہوپ ایئر رنگ پہننے کا فیشن خواتین میں بے حد مقبول ہے۔

تازہ ترین