• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کائنات کی ہر چیز اپنا اثر رکھتی ہے۔ تمام مظاہر فطرت سے نکلنے والی لہریں انسانی مزاج، رویوں اور سوچ پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ انسان کے جسم میں توانائی کی لہریں موجزن رہتی ہیں۔ یہ برقی رو جذبات، خیالات اور عقائد پر مبنی ہیں۔ انسان کے جسم کی منفی و مثبت لہریں اس کے اردگرد کے ماحول اور لوگوں کو متاثر کرتی ہیں، انھیں کی انرجی (Chi Energy) کہا جاتا ہے۔ اسی طرح گھر کے ماحول سے بھی توانائی کا اخراج ہوتا ہے۔ اگر گھر زرخیز زمین پر بنا ہے تو وہاں صحت مند قوت موجود ہے لیکن اگر گھر بنجر زمین پر ہے تو وہاں لہروں کے اثرات مختلف ہوں گے۔

فنگ شوئی جمالیات کا ایک قدیم چینی طریقہ کار ہے، جس کے بارے میں لوگوں کا یقین ہے کہ اس میں جنت اور زمین دونوں کے قوانین استعمال ہوتے ہیں اور اس کے ذریعہ مثبت چی (qi) حاصل کر کے کسی کی زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

فنگ شوئی کا علم گھر، دروازوں، الماریوں اور اسٹورز میں غیر ضروری سامان کو توانائی کی راہ میں رکاوٹ سمجھتا ہے۔ اسی طرح، فنگ شوئی کے علم میں گھر کے باتھ روم کو بھی خاص اہمیت حاصل ہے۔ دراصل، فنگ شوئی کے علم میں باتھ روم کے بارے میں اچھی رائے نہیں ہیں، جس کی وجہ یہ ہے کہ باتھ روم کی تعمیر اور تزئین اگر دُرست انداز میں نہ کی گئی ہو تو ایسے باتھ روم گھر میں سب سے زیادہ منفی توانائی کی وجہ بنتے ہیں۔ باتھ روم کی تعمیر اور تزئین میں کن عوامل کا خیال رکھ کر منفی توانائی کو مثبت توانائی میں بدلا جاسکتا ہے، آئیے جانتے ہیں۔

مرکزی دروازے سے ملحقہ باتھ روم

اگر آپ کے گھر میں باتھ روم کا دروازہ مرکزی دروازے سے ملحقہ ہے، یعنی مرکزی دروازے کے ساتھ، قریب یا بالکل سامنے ہے، تو یہ ایک بُری فنگ شوئی ہے، جس سے پیدا ہونے والی منفی توانائی گھر یا دفتر میں مسائل کو جنم دیتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گھر میں توانائی مرکزی دروازے سے داخل ہوتی ہے، اگر باتھ روم کا دروازہ مرکزی دروازے سے ملحقہ ہوگا تو ساری مثبت توانائی اس دروازے کے ذریعے گھر سے خارج ہوجائے گی، جس کے بعد گھر کو صحت مند اور توانا رکھنے کے لیے کوئی توانائی باقی نہیں رہے گی۔ اگر آپ کے گھر میں باتھ روم کا دروازہ مرکزی دروازے سے ملحقہ ہے، تو آپ درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

  • باتھ روم کا دروازہ ہر وقت بند رکھیں
  • باتھ روم کے اندر مثبت فنگ شوئی پیدا کریں
  • مرکزی دروازے کے ساتھ کوئی ایسا مرکزی نقطہ تخلیق کریں کہ گھر میں داخل ہونے کے بعد باتھ روم کے بجائے مرکزِ نگاہ وہ نقطہ بن جائے
  • داخلی راستے میں مثبت فنگ شوئی تخلیق کریں تاکہ مثبت توانائی میں اضافہ ہو

گھر کے مرکز میں باتھ روم

گھر کے مرکزمیں بنا ہوا باتھ روم بُری فنگ شوئی تصور کیا جاتا ہے۔ گھر کا مرکز فنگ شوئی میں بھی گھر کا دل مانا جاتا ہے، جسے Ying-Yangبھی کہتے ہیں۔ اس لیے گھر کے مرکز میںباتھ روم کی تعمیر کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔ گھر کے مرکزی حصے کو کھُلا، روشن اور ایسی جگہ ہونا چاہیے جہاں خوبصورتی کا احساس پیدا ہو۔ اگر آپ کے گھر کے مرکز میں باتھ روم بنا ہوا ہے تو آپ منفی توانائی کو کم یا ختم کرنے کے لیے درج ذیل اقدامات اٹھاسکتے ہیں۔

  • باتھ روم کو ہر وقت صاف ستھرا اور بالکل شفاف رکھیں
  • باتھ روم میں آرٹ، موم بتیاں یا پھول وغیرہ رکھیں
  • باتھ روم میں ہوا کو صاف کرنے والے پودے (Air-purifying plants) رکھیں

کچن کے سامنے باتھ روم

باتھ روم اور کچن کے دروازوں کا آمنے سامنے ہونا بُری فنگ شوئی ہے۔ یہ جاننے کے لیے آپ کو فنگ شوئی کا علم ہونا ضروری نہیں کیونکہ ویسے بھی یہ ایک اچھا ملاپ نہیں۔ ایسے میں آپ درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

  • باتھ روم کے دروازے کو اچھی طرح بند رکھیں
  • باتھ روم کو ہر وقت صاف اور اس کے اندر مثبت فنگ شوئی پیدا کرنے کےلیے اقدامات کریں
  • دونوں دروازوں کوجدا کرنے کے لیے اسکرین، بانس کا پردہ یا بڑا سا کوئی پودا رکھیں
  • کچن اور باتھ روم کے دروازوں کو مختلف رنگوں سے پینٹ کریں تاکہ دور سے نشاندہی ہو

بیڈ روم کے اوپر باتھ روم

اوپری منزل پر باتھ روم ایسی جگہوں پر تعمیر کریں کہ وہ نچلی منزل پر بنے بیڈ روم کے اوپر نہ ہو۔ یہ ایک منفی فنگ شوئی ہے، تاہم درج ذیل اقدامات کے ذریعے آپ اس کا سدِباب کرسکتے ہیں۔

  • اوپری باتھ روم کو صرف تقاریب یا مہمانوں کے استعمال کے لیے مختص کردیں
  • اگر بستر، باتھ روم کے عین نیچے رکھا ہوا ہے تو اس کی جگہ تبدیل کردیں
  • اوپری باتھ روم میں انتہائی ہلکی روشنی استعمال کریں
  • بیڈ روم کی چھت میں ڈیزائن فیچرزیا آرائشی روشنیوں کا استعمال کریں

منی ایریا میں باتھ روم

منی ایریا یعنی گھر کا وہ حصہ جہاں فنگ شوئی کے مطابق آپ کے لیے دولت آتی ہے، وہ آپ کے گھر کا انتہائی جنوب مغربی کونا یا 112ڈگری سے 157.5ڈگری والا آخری حصہ ہوتا ہے۔ اگر اس کونے میں باتھ روم بنا ہوا ہو تو یہ گھر میں دولت کی آمد کے لیے اچھا شگون نہیں سمجھا جاتا۔ بُری فنگ شوئی کے اثرات کم کرنے کے لیے پہلا کام یہ کرنا چاہیے کہ اس حصے کو انتہائی صاف ستھرا رکھنا چاہیے۔ اس کے بعد آپ اس حصے کو دولت دوست بنانے کے لیے درج ذیل کام کرسکتے ہیں۔

  • منی ایریا میں سرسبز و تازہ پودے رکھیں
  • دلپسند خوشبوئیں، تازہ پھول اور کینڈلز رکھیں
  • فطری لینڈاسکیپ سے اس حصے کو ڈیکوریٹ کریں

سیڑھیوں کے نیچے باتھ روم

باتھ روم اور سیڑھیوں کا ملاپ ہرگز اچھی فنگ شوئی نہیں ہوسکتی۔ اس ایریا سے منفی فنگ شوئی کو دور بھگانے کے لیے درج ذیل اقدامات کریں۔

  • سیڑھیوں کو روشن اور اچھی حالت میں رکھیں
  • اچھی فنگ شوئی کے لیے سیڑھیوں کے آغاز میں فرش پر شیشے کا فانوس رکھیں
  • اگر ممکن ہو تو سیڑھیوں کے نیچے باتھ روم کو ختم کریں
  • باتھ روم کا دروازہ ہر وقت بند رکھیں

اس کے علاوہ، ہرچندکہ جنوب مشرق میں باتھ روم کا ہونا بُری فنگ شوئی نہیں سمجھا جاتا، تاہم باتھ روم کے لیے یہ بہترین جگہ بھی نہیں۔ اگر آپ کا کوئی باتھ روم گھر کے جنوب مشرقی کونے میں ہے تو وہاں مثبت فنگ شوئی کے لیے اچھی صفائی ستھرائی اور دل لُبھانے والی خوشبوؤں کا انتظام کریں۔

تازہ ترین