• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کھلاڑی نے کینیڈا اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیت لیا

پاکستانی کھلاڑی شاہجہاں خان نے پی ایس اے سائمن وارڈر کینیڈا اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیت لیا۔

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے شاہجہاں خان نے پی ایس اے سائمن وارڈر کینیڈا اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں فن لینڈ کے ہنرک مسٹونین کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔

کینیڈا کے شہر سارنیا اونٹاریو میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں شاہجہاںخان نے مدمقابل کو بیسٹ آف فائیو مقابلے میں دو کے مقابلے میں تین گیم سے ہرایا۔

اس ٹورنامنٹ میں کامیابی کے بعد شاہجہاں نے ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کے مین راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا جو کہ فروری2019ء میں شکاگو میں منعقد ہوگی۔

شاہجہاں خان پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کے لئے کوالیفائی کیا ہے، انہوں نے سیمی فائنل میں سوئٹرزلینڈ سے تعلق رکھنے والے ٹاپ سیڈ ریکوپیٹر کو شکست دی تھی۔ کوارٹر فائنل میں شاہجہاں خان نے نائیجیریا کے ٹاپ کھلاڑی بابا اجگبئےکو ہرایا تھا۔

شاہجہاں خان کاتعلق کوئٹہ سے ہے اور وہ عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی زرک جہاں خان کے بیٹے ہیں، شاہجہاں خان نے کامیابی کے بعد اسکواش کورٹ میں سجدہ شکر ادا کیا۔


ٹورنامنٹ میں کامیابی کے بعد شاہجہاں خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کھیلنا میرے لئے خواب ہے اور دنیائے اسکواش میں پاکستان کانام روشن کرنا چاہتے ہیں۔

شاہجہاں خان کراچی میں ہونے والے ڈی ایچ اے اوپن اور سی این ایس اوپن ٹورنامنٹ میں بھی حصہ لیں گے، ڈی ایچ اے اوپن انٹرنیشنل اسکواش 20 نومبر سے کراچی میں شروع ہورہی ہے۔

شاہجہاں خان کی عالمی اسکواش میں حالیہ رینکنگ 105 ہے۔کینیڈا اوپن اسکواش میں کامیابی کے بعد ان کی رینکنگ میں بہتری کا امکان ہے۔

تازہ ترین