• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تشہیری مہم تیز، ٹورنامنٹ پروگرام کے مطابق ہوگا، منتظمین ٹی ٹین لیگ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شارجہ میں تین دن بعد شروع ہونے والی ٹین ٹین لیگ کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ عدالت سے اجازت ملنے اور ٹورنامنٹ کی راہ میں موجود رکاوٹوں کے خاتمےکے بعد ٹورنامنٹ پروگرام کے مطابق ہورہا ہے۔پاکستان میں تشہیری مہم تیز کر دی گئی ہے۔سند ھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کراچینز کا نام تبدیل کرکے سندھیز رکھ دیا ہے جبکہ کیرالہ کنگز کا نام کیرالہ نائٹس رکھا گیاہے۔ ٹی ٹین کے ایم ڈی سعد اللہ خان اتوار کی شام کراچی کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کی فہرست ایک دو دن میں جاری کردے گا۔جن کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کی جانب سے منتخب کیا گیا ہے ان کے علاوہ تمام بڑے پاکستانی کھلاڑی شریک ہوں گے۔ان میں شاہد آفریدی نمایاں ہیں۔دنیا کے ایک سو صف اول کے کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں ایکشن میں ہوں گے۔ تیاریاں مکمل ہیں۔ سندھیز کی ٹیم کے لئے نئے مالکان سے بات چیت جاری ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹورنامنٹ سے قبل عدالتی جنگ سے ہمیں دھچکا ضرور لگا ہے لیکن مالی نقصان کی اہمیت نہیں ہے۔محمد حفیظ اس وقت پاکستان ٹیم کے ساتھ مصروف ہیں جبکہ محمد عامر کے بارے میں بورڈ کے جواب کا انتظار ہے۔شعیب ملک نے نجی مصروفیت کی وجہ سےٹورنامنٹ سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ ٹی 10لیگ کے دوسرے سیزن میں 29 میچز کھیلے جائیں گے اور تمام مقابلے 21 نومبر سے 2 دسمبر کے درمیان شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ سعد اللہ خان نے کہا کہ اگلے سال ٹورنامنٹ کے میچ پاکستان میں کرانے کا پروگرام ہے۔اس سال سیمی فائنل اور فائنل پاکستان میں کرانا چاہتے تھے لیکن لاجسٹکس کی وجہ سے پی سی بی نے ایک سال بعد ٹورنامنٹ کے میچ پاکستان کرانے کے لئے کہا ہے۔سعد اللہ خان نے کہا کہ ٹی ٹین کے ذریعے بھی پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں مدد دینا چاہتے ہیں۔لیگ کی تشہیری مہم تیز کردی گئی ہے اور اب پہلے سے زیادہ بڑے پیمانے پر کھیل کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں لیگ میں شامل ٹیم کراچیئینز کا نام تبدیل کرکے سندھیز اور اس کے ساتھ ساتھ کیرالہ کنگز کا نام تبدیل کر کے کیرالہ نائٹس کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین