• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مومن کیلئے سب سے بڑا سرمایہ محبت رسولﷺ ہے، پیر منورحسین جماعتی

ہیلی فیکس(زاہد انور مرزا)میلاد مصطفیٰﷺ کی محافل امن و محبت کے فروغ اور نفرت و کدورت کے قلع قمع کا موثر ذریعہ ہیں۔محبت رسولﷺ کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا ہے۔میلاد النبیﷺ کی مجالس اور جلوس کے انعقاد سے شوکت اسلام کا اظہارہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار الجامعۃ الزہرا فرانس سٹریٹ ہیلی فیکس میں میلادالنبیﷺ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علماء و مشائخ نے کیا۔پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ مومن کے لئے سب سے بڑا سرمایہ محبت رسولﷺ ہے اور اس کے لئےہر مرد مومن تن،من،دھن لٹا سکتا ہے۔رسالت مآب صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے خلاف ہرزہ سرائی آزادی اظہار نہیں بلکہ انتہائی شر انگیزی کا عمل ہے اور یورپین عدالت کے فیصلے کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پروفیسر پیر سید احمد حسین شاہ ترمذی نے کہا اسلام علم و عمل کا دین ہے اور علم کی ترویج و اشاعت کا حکم دیتا ہے۔رحمت عالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات پر عمل سے ہی صلاح حیات بھی ہے اور فلاح و نجات بھی۔پاکستان سے آئے ہوئے خطیب مفتی محمد اقبال چشتی نے کہا کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے امت کو دو گراں قدر چیزیں عطا کی ہیں،ایک قرآن مجید اور دوسری اہل بیت،دونوں سے تمسک ہی توشہ آخرت اور ذریعہ نجات ہے۔صاحبزادہ پیر سید رفاقت حسین شاہ ترمذی،صاحبزادہ سید مرتضیٰ رفاقت، صاحبزادہ پیر سید محمد حیدر ترمذی،علامہ سید زین العابدین شاہ صاحبزادہ سید محمد حسنات ترمذی،پیر سید نعمان حسین جماعتی،سید فیض رسول شاہ گجراتی،قاری ظفر اقبال نقشبندی،الحاج واجد حسین نقشبندی،پیر سید حسنین شاہ بخاری کے علاوہ کثیر تعدادمیں علماء و مشائخ نے اجتماع سےخطاب کیا ۔جامعۃ الزہرا کے طلبہ نے منظوم ہدیہ عقیدت پیش کیا۔
تازہ ترین