پاپ اور راک سنگر سیلین میری ڈیون(Céline Marie Dion) نے جب 1997ء میں ریلیز ہونے والی رومانوی داستان پر مبنی معروف ہالی ووڈ فلم’’ٹائٹینک‘‘ کا گاناـ"Every night in my dreams" گایا تو اس نے انھیں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔ وِل جینگز کے تحریرکردہ اس خوبصورت گیت کے بولوں پر سیلین کی تیکھی آواز نے گویا جادو سا جگا دیا۔
ابتدائی زندگی
پاپ گلوکارہ، سیلین ڈیون کینیڈا کے شہر مونٹریا ل سے15میل کے فاصلے پر واقع کیوبک کے شہر شارلیمن میں 30مارچ 1968ء کو پیدا ہوئیں۔ ان کےوالدایڈھمر ڈیون کسی زمانے میں قصاب اور سیکیورٹی گارڈ ہوا کرتے تھے،مگر بعد میں اپنی بیگم تھیریسی ٹینگوے ڈیون کے ساتھ مل کر میوزک کنسرٹس میں بحیثیت موسیقار و گلوکار نام کمایا۔ یہ بھراپُرا گھر تھا جہاں 14 بہن بھائیوں کے ساتھ ہر وقت گانا بجانا بچوں کی تفریح ہوا کرتی تھی۔ پوری فیملی کا شوق گانے بجانا ہی تھا اورسیلین تمام بچوں میںسریلی تھیں۔ ان کے سُر اور شوق کو ماں کی گہری نظروں نے پا لیا۔12سال کی چھوٹی عمر میںوالدہ اور بھائی جیکوئس ڈیون کے ساتھ مل کر انھوں نے اپنا پہلافرانسیسی گیت لکھا۔ سیلین کی والدہ تھیریسی نے گانا ریکارڈ کرکے موسیقار’رینے اینجلل‘ کو بھیجا، جو انھیں کافی بھایا اور پھرسیلین کو اپنے دفتر مدعوکرلیا۔ رسمی بات چیت کے بعد انھوں نے پنسل اٹھاکر سیلین کو دی اور کہا،’’اسے مائیک سمجھ کر گاؤ! محسوس کرو کہ تمہارے چاروں اطراف مداحوں کا ہجوم ہے‘‘۔سیلین نے جیسے ہی سر بکھیرے تو ان کے سب سے بڑے مداح رینے خود بن گئے۔سیلین کے میوزک کیریئر کو آگے بڑھانے کے لیے وہ ان کے مینیجر بن گئے، پھر یہ تعلق رشتہ ازدواج میں تبدیل ہوگیا۔
فنی کیریئر
1981ء میں مائیکل جیکوئس ٹاک شو میں سیلین ڈیون نے ٹی وی کے لیے اپنا پہلا گانا گایا۔ حاضرین نے ان کی آواز کی خوب داد دی۔ ہر ایک کے لبوں پر یہی با ت تھی کہ یہ گلوکارہ بہت آگے جائے گی۔ یہی یقین رینے کا بھی تھا،جنہوں نے اس نوجوان گلوکارہ کا پہلافرینچ البم لانچ کرنے کے لیے اپنا گھر گروی رکھ دیا۔ سیلین ڈیون نے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقدہ 13ویں ورلڈ پاپولر سونگ فیسٹیول میں صرف 14 برس کی عمر میں گلوکاری کے جوہر دکھا کر ہال میں موجود حاضرین و سامعین سمیت115ملین ٹی وی حاضرین کے سامنے اپنالوہا منواکر طلائی تمغہ حاصل کیا۔1983ء میں سیلین نےفرانس میں گولڈ البم حاصل کرنے والی پہلی کینیڈین سنگر ہونے کا اعزاز پایا۔11ستمبر1984ء کو مونٹریال کے اولمپک اسٹیڈیم میں اپنی آواز کا جادو جگا کر60ہزار شائقین موسیقی کو اپنا اسیر بنایا۔1985ء میں انھوں نے پورے کیوبک میں شوز کرکے میلہ لوٹ لیا۔ اس کے بعد وہ 18ماہ موسیقی کی دنیا سے غائب رہیں اور اپنی مکمل توجہ انگریزی سیکھنے پر مرکوز رکھی۔1988ء میں آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میںیورو وژن میوزک مقابلے میں حصہ لیااور600ملین ٹی وی ناضرین کو اپنا فریفتہ بنا لیا۔ یہی وہ لمحہ تھا جب صحیح معنوں میں انہوں نے عالمی شہرت کا ذائقہ چکھا۔1990ء میں امریکن میوزک مارکیٹ میں ان کا پہلا انگلش میوزک البم’’یونی سن‘‘(Unison) منظرِ عام پر آیا، اس کے گانے"Where Does My Heart Beat" نے میوزک چارٹس پر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ اسی دوران سیلین کینیڈین موسیقی کی دبنگ آواز تسلیم کی گئیں۔
1993ء میں سیلین نے واشنگٹن ڈی سی کے کینیڈی سینٹر میںسابق امریکی صدربل کلنٹن کے لیےThe Power of Love گایا۔نومبر میں البم "The Colour of My Love" ریلیز ہونے کے موقع پر سیلین نے رینے سے پیار کا عوامی اظہار کیا۔ 17 دسمبر1994ء میں سیلین اوررینے اینجلل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ 1995ء میں ان کے فرینچ البمD’eux نے 10ملین کاپیوں کی فروخت کا ریکارڈ قائم کیا۔ 70 ویں اکیڈمی ایوارڈ میں انھوں نے ٹائٹینک میں بہترین گانے کا اکیڈمی ایوارڈ حاصل کیا۔
2008ء میںانھوں نے 23 ممالک کے93شہروں میں تقریباً3ملین مداحوں کو اپنی آواز اور گانوں کا اسیر بنایا۔ ان کا سب سے زیادہ منافع بخش دورہ شمالی امریکا کا رہا،جہاں ان کی زندگی کے حوالے سے دستاویزی فلم پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ 2013ء میں سیلین کاالبمLoved Me Back To Lifeمنظر عام پر آیا، جس کا انتظار دنیا بھر کے شائقین ایک مدت سے کرتے چلے آرہے تھے۔ اس البم نے 44ممالک میں آئی ٹیونز چارٹس میں پہلی پوزیشن سنبھالی جبکہ بل بورڈ ٹاپ200میں دوسری پوزیشن پر فائز رہا۔
انٹرنیشنل مارکیٹ ریسرچ فرم YouGov کے مطابق،’’سیلین ڈیون کرہ ارض کی چھٹی انتہائی متاثر کن خاتون ہیں،جنہوں نے دل سے گاکر روح کو چھونے والے نغمات اورگیت دئیے‘‘۔50سالہ کینیڈین راک اور پاپ گلوکارہ سیلین کا میوزیکل کیریئر فرینچ سے شروع ہوکر انگریزی تک آیا۔ انھوں نے 16اسٹوڈیو البم،7لائیو البم، 17کمپائلیشن البم، 21باکس سیٹس اور153سنگلز دیے ہیں۔ دنیا بھر میں110ملین مداح ان کی آواز کے دیوانے ہیں۔ وہ فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر جیسی سوشل میڈیا سائٹس پر بھی موجود ہیں۔ سیلین آٹھویں سُر کی پانچویں سطح عبور کرنے میں کمال رکھتی ہیں ،اس لیے انہیں دنیا کے عظیم ترین پاپ سنگرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ان کی آواز کی گونج اور طاقت سننے والوں کے دل پر دیرپا اثر رکھتی ہے۔
سیلین ڈیون پلینٹ ہالی ووڈ ریزورٹ میں بھی پرفارم کر چکی ہیں اور تین سالہ معاہدے کے لیے انھیں دس کروڑ ڈالر ادا کیے گئے تھے۔ ان کا شمار ہالی ووڈ کی امیر ترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے۔ فوربز کے مطابق سیلین ڈیون کے اثاثوں کی کُل مالیت 43 کروڑ ڈالر ہے۔ وہ اپنی شخصیت اور قسمت کی طرح عالیشان اور منفرد گھر میں رہنا پسند کرتی ہیں۔