• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کاازالہ کرے،لیاقت بلوچ

لاہور(نمائندہ خصو صی )جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں گلگت بلتستان پروگریسو یوتھ کے زیراہتمام ”گلگت بلتستان کے سیاسی و آئینی مستقبل “کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کی 71 سالہ محرومیوں کا ازالہ کرے ، وہاں پر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ میڈیکل اور انجینئرنگ یونیورسٹی کا بھی قیام عمل میں لایا جائے ۔ گلگت بلتستان صوبہ کے وزیراعلیٰ کو بااختیار بنایا جائے اور مکمل صوبائی سیٹ اپ طرز کی ریاست کا روپ دیا جائے ۔ حکومت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات کے لیے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کوٹہ بڑھایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ حکومت اس طرف سنجیدگی سے توجہ کرے تو یہ صوبہ سیاحت کے فروغ سے ملک کو کثیر زرمبادلہ فراہم کرسکتاہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاک بھارت تعلقات کی بہتری سے کسی کو اختلاف نہیں ، واہگہ بارڈر ، مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے ذریعے بس اور تجارت کا راستہ پہلے ہی کھلا ہے کرتار پور راہداری کھولنا ایک اقدام ہی ہے۔ ، اصل مسئلہ کشمیر کا تنازعہ اور ایک کروڑ پچاس لاکھ انسانوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کے حصول کا ہے جب تک اصل مسئلہ حل نہیں ہوگا ، امن قائم نہیں ہوگا ۔
تازہ ترین