راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کے عملے نے مری روڈ اور ڈبل روڈ پر تجاوزات کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے بیشتر دکانوں اور ہوٹلوں کے باہر قائم پختہ اور عارضی تجاوزات مسمار کر دیں جبکہ مری روڈ پر مریم شادی ہال کے اوپر بلانقشہ وخلاف نقشہ تعمیر کردہ فلیٹس بھی مسمار کر دیئے گئے، ٹائون آفیسر شہزاد حیدر کے مطابق چیف آفیسر شفقت رضا کی قیادت میں کارپوریشن کے عملے نے فیض آباد سے تجاوزات کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا جہاں بعض لوگوں نے مزاحمت بھی کی تاہم آپریشن جاری رہا اس دوران فاروق پلازہ سمیت دو پلازہ مالکان نے کار پارکنگ کی جگہ گودام بنا رکھے تھے جنہیں فوری طور پر سامان اٹھانے کی ہدایت کی گئی۔سٹیڈیم روڈ پر تمام ہوٹل مالکان کو باہر لگے تندور ہٹانے اور دکانوں کے باہر خلاف قانون لگی ہر قسم کی تجاوزات ختم کرنے کیلئے ایک دن کا وقت دیا گیا جبکہ بیشتر تجاوزات اسی وقت مسمار کر دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ مریم شادی ہال کے مالک بار بار قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ اب دوبارہ سیل توڑ کر تعمیرات شروع کی گئی تھیں کہ گزشتہ روز سپرنٹنڈنٹ بلڈنگ فریزن خان کی قیادت میں عملے نے کافی حد تک غیرقانونی تعمیرات گرا دیں باقی ماندہ آج مسمار کر دی جائیں گی۔