• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر میں فنکاروں کو ان کی کامیابی پر ہر طرح کی عزت، شہرت اور مالی کامیابی ملتی ہے مگر کئی بار انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کسی گلی یا سڑک وغیرہ کو بھی ان کے نام سے منسوب کردیا جاتا ہے مگر کچھ ستارے ایسے بھی ہوتے ہیں، جن کے نام پر کچھ ایسی چیزیں منسوب کردی جاتی ہیں جو انتہائی حیرت انگیز ہوتی ہیں۔ ان میں صرف ہالی ووڈ نہیں بلکہ بالی ووڈ کے اسٹارز بھی شامل ہیں، جن کے نام سے منسوب چیزوں کے بارے میں جاننا واقعی دلچسپ ثابت ہوگا۔

سلمان خان

اداکار سلمان خان عام لوگوں میں بہت پسند کیے جاتے ہیں بلکہ کچھ پرستار تو ان کی پوجا تک کرتے ہیں، وہ صرف ہندوستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں بھی انتہائی مقبول ہیں، جس کا ثبوت یہ ہے کہ ترکی میں ایک کیفے کو ان کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے۔ درحقیقت فلم '’ایک تھا ٹائیگر‘ کی شوٹنگ کے دوران 2012ء میں سلمان ترکی کے ایک کیفے میں روزانہ جایا کرتے تھے اور اس دوران انہیں لگا کہ اس جگہ میں کچھ بہتری کی ضرورت ہے، جس کے لیے انہوں نے کیفے کے مالک کو چند تجاویزدیں اور وہ کام بھی کرگئیں۔ سلمان خان کے مشوروں پر تزئین و آرائش کا کام جب مکمل ہوا تو کیفے کے مالک نے اسے پرانے نام ’کیفے ڈیل مارکا‘ کے نام سے دوبارہ کھولنے کے بجائے اسے ’سلمان خان کیفے‘ کا نام دے دیا۔ کیفے مالک نے نام کی تبدیلی سلمان خان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کی ہے۔

شاہ رخ خان

بالی ووڈ کے کرشماتی کنگ خان شاہ رخ صرف دلوں کے ہی بادشاہ نہیں بلکہ وہ دنیا بھر میں سب سے مقبول بھارتی اداکار بھی مانے جاتے ہیں۔ 2نومبر2009ء کو ان کی44ویں سالگرہ کے موقع پر 'چاند کے ایک ٹکڑے کو ان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا گیا۔ جنوری2010ء میں انٹرنیشنل لُونر جیوگرافک سوسائٹی نے چاند کا ٹکڑا شاہ رخ خان کے نام سے منسوب کردیا۔

مادھوری ڈکشت

اپنی مسکراہٹ سے کروڑوں دلوں پر بجلیاں گرانے والی مادھوری کے نام پر جون 2012ء میں 'ستاروں کا ایک جھرمٹ منسوب کیا گیا۔ اس سلسلے میں دی ایمپریس نامی گروپ نے مادھوری سے مل کر سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا، جس کو دیکھ کر وہ حیران رہ گئیں اور اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرنے پر مجبور ہوگئیں، جن کی بدولت انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔

سنجے دت

سڑکیں، گلیاں، کیفے یا خلائی مقامات ہی نہیں بلکہ کچھ ایسی چیزیں بھی اسٹارز کے نام سے منسوب ہوتی ہیں، جو حیران کردیتی ہیں، جیسے کہ کوئی پکوان۔ آپ کے لیے یہ حیرانی کی بات ہوگی کہ ایک 'مزیدار چکن پکوان سنجے دت کے نام سے منسوب ہے۔ ممبئی کے نور محمد ہوٹل کے مالک نے چکن ڈوسا کی ایک ڈش سنجے دت کے نام بطور شکریہ تیار کی، کیونکہ اس ڈش کو بنانے کی ترکیب بالی ووڈ کھل نائیک نے دی تھی، جو انتہائی مقبول ہوئی۔

امیتابھ بچن

بالی ووڈ میگا اسٹار کی شخصیت کو دیکھتے ہوئے یہ حیرت کی بات نہیں کہ ان کے نام سے کوئی چیز منسوب ہو، تاہم ان کے حصے میں جو آبشار اور ایک مندر آیا وہ ضرور حیرت انگیز ہے۔ امیتابھ کے نام پر مشہور یہ آبشار ریاست سکم کے شمال میں واقع ہے اور اسے 'امیتابھ بچن فالز کہا جاتا ہے جبکہ کولکتہ کا ایک مندر بھی بگ بی کے نام سے منسوب ہے، جس نے امیتابھ بچن کو کافی شرمندہ بھی کیا تھا کیونکہ وہ خود کو اتنا بڑا انسان نہیں سمجھتے۔

یش چوپڑہ

بالی ووڈ کے آنجہانی فلم ساز یش چوپڑہ سوئٹزرلینڈ کے خوبصورت مقامات پر فلمیں بنانے کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے۔ یش چوپڑہ غالباً بالی ووڈ کے پہلے فلم ساز تھے، جنھوں نے اپنی فلموں کو خوبصورت بنانے کے لیے بھارت سے باہر پُرفریب مقامات پر فلمیں بنانے کا رجحان متعارف کرایا اور اس سلسلے میں اکثر ان کا انتخاب سوئٹزرلینڈ کے فطری نظارے ہی ٹھہرتے تھے۔ سوئٹزرلینڈ کی فطری خوبصورتی کو بھارتی فلموں میں متعارف کرانے پر سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے اپنی ایک سڑک یش چوپڑہ کے نام سے منسوب کی ہوئی ہے۔ صرف یہی نہیں، سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے وہاں یش چوپڑہ کا مجسمہ بھی نصب کیا ہے۔

رنویر سنگھ

رنویر سنگھ، بالی ووڈ کی فلمیں پسند کرنے والی نوجوان نسل کے سب سے پسندیدہ اداکار ہیں۔ سوئٹزرلینڈ میں سیاحت کے فروغ کے لیے وہاں کی حکومت نے انھیں خیرسگالی کا سفیر بھی مقرر کیا ہے۔ اور اب سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے بالی ووڈ کے نوجوان اداکار رنویر سنگھ کے نام سے ٹرین منسوب کردی ہے۔ 

تازہ ترین