• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر موسم میں خواتین کی وارڈروب مختلف کپڑوں سے بھری ہوتی ہے۔ موسم ایک بار پھر انگڑائی لے رہا ہے اور ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرما کا آغاز ہوچکا ہے۔ ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ وارڈروب میں  موجود موسم گرما کے ملبوسات، جو اپنی سادگی اور حسن وجمالیت کے ساتھ موجود ہیں، ان کی جگہ موسم سرما کے ملبوسات رنگینی بکھیریں۔ ہر موسم میں کچھ کپڑوں کا اضافہ کیا جاتا ہے تو کہیں کچھ کو نکالنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ کراچی میں بھی اب چونکہ موسم سرما بے حد نزدیک ہے تو آئیے نظر ڈال لیتے ہیں ا ن ضروری لوازمات پر، جو بطور ’فیشنسٹا‘آپ کی وارڈروب میں ہونا بے حد ضروری ہیں ۔

چست جینز

سرد موسم میںخواتین کی جانب سے اسکن ٹائٹ جینز پہننے کارجحان زیادہ دیکھنے میں آتاہے۔موسم سرما کے لیےٹاپ اور دیگر گرم ملبوسات کےساتھ چست جینز کا انتخاب بہترین ثابت ہوتا ہے۔ چست جینز پر آپ ٹاپ پہنیں یا پھر لیدر کی جیکٹ ،ہیل پہنیں یا فلیٹ شوز، ہر چیز پر یہ خوب جچے گی۔ اس لیے ضروری ہے کہ موسم سرما آنے سے پہلے یہ چیک کرلیں کہ آپ کی وارڈروب میں چست جینز کی تعداد کتنی ہے اور کیا اس موسم کے حساب سے مختلف رنگوں کی جینز کی تعداد کافی ہے یا ان کے لیے شاپنگ مزید کرنی پڑے گی۔

سویٹر

سویٹر موسم سرما کے دلفریب اور لازمی ملبوسات میں سے ایک ہے۔ کچھ سالوں پہلے کی بات کی جائے تو سویٹربالکل سادہ ہوا کرتے تھے۔ اب ان کو بھی موتیوںاور زمرد کا دستی کام کرکے منفرد انداز دیے جارہے ہیں۔آج کل خواتین اور خصوصاً نوعمر لڑکیاں لونگ کوٹ اور لونگ سویٹر کا استعمال زیادہ کرتی نظر آتی ہیں۔ اس کے علاوہ چست جینز کے ساتھ کشمیری سویٹر کا فیشن بھی خاصا مقبول ہے، جس کا استعمال خواتین کی شخصیت میں ایک خاص نکھا ر پیدا کردیتا ہے ۔

شال

مشرقی خواتین موسم سرما میں شال کا انتخاب اہم پہناوے کے طور پر کرتی ہیں۔ پاکستانی خواتین میں مختلف اقسام کی شالیں بے حد پسند کی جاتی ہیں ۔ مثلاً پشمینہ، جاما وار، شاہ توش اور اونی شال،کشمیری یا پھر ویلویٹ شال۔ کشمیری شال ہمارے یہاں بے حد مقبول ہے، جس کی قیمت بھی دوسری شالوں سےزیادہ ہوتی ہے۔کشمیری شال کے علاوہ کئی خواتین ویلویٹ کی شال کا انتخاب بھی خاصے شوق کے ساتھ کرتی ہیں۔

کوٹ

چست جینز اور سویٹ کی طرح اسٹیٹمنٹ کوٹ کا فیشن بھی موسم سرما میں بے حد مقبول ہوجاتا ہے۔اس کوٹ کو مختلف اور شوخ رنگوں کے ملبوسات کے ہمراہ سردی سے بچنے اور شخصیت میں ایک خاص تاثر پیدا کرنے کے لیے پہنا جاتا ہے۔جو خواتین سویٹرکا پہننا پسندنہیں کرتیں وہ باہر نکلنے وقت کوٹ پہن سکتی ہیں۔

ویلویٹ فیبرک

و یلوٹ اپنی خوبصورتی اور شاہانہ انداز کے باعث خواتین میں بے حد پسندکیا جاتا ہے۔ اس برس بھی موسم سرما میں قدر ے جدید ٹرینڈز کے ساتھ ویلویٹ کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ وزنی ہونے کے سبب بیشتر خواتین ویلویٹ کا مکمل لباس زیب تن نہیں کرتیں بلکہ سلک اور شیفون کے ملبوسات کے ساتھ ویلوٹ کی شال کا انتخاب کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

ہائی ہیل اوراینکل بوٹس

موسم سرما میں خواتین میں ہائی ہیل بوٹ کا استعمال زیادہ دیکھنے میں آتا ہے کیونکہ یہ سرد موسم میں ٹھنڈ کے اثر سے محفوظ رکھتے ہوئے آپ کی شخصیت میں بھی نکھار پیدا کرتے ہیں۔ یہ فیشن عام طور کم عمر لڑکیاں زیادہ کرتی نظر آتی ہیں، جو اسکرٹ یا جینز پر ہائی بوٹ پہنے دکھائی دیتی ہیں۔ہائی ہیل بوٹس کے علاوہ گزشتہ کئی برس سے اینکل بوٹیز ایک بار پھر خواتین میں پسند کئے جانے لگے ہیں ہائی ہیل بوٹیز یا یوں کہیں اینکل بوٹیز سرد و خزاں موسم کا اہم پہناوا سمجھا جاتا ہے۔

لیدر جیکٹ

کچھ عرصہ قبل تک لیدر جیکٹ کا تصور ہی مردوں کا خاکہ ذہن میں بنادیتا تھا، تاہم اب موسم سرما میں لیدر جیکٹ کی شاپنگ کرنے والے خریداروں میں مرد ہی نہیںبلکہ خواتین بھی پیش پیش ہیں۔جینز پہننے والی خواتین ٹاپ یا شرٹ پر سویٹر کے بجائے لیدر جیکٹ کا انتخاب زیادہ مناسب سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے بطور فیشنسٹا لیدر جیکٹ آپ کی پرسنالٹی کو گروم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ فل باڈی جیکٹ کے علاوہ کئی خواتین سرد موسم میں ہاف باڈی جیکٹ بھی شرٹ یا ٹاپ کے ساتھ پہننا پسند کرتی ہیں ۔ 

تازہ ترین