برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے۔ آزاد کشمیر کی ریاستی جماعت آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر سردار عتیق احمد خان کے بیان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ گلگت بلتستان تاریخی اعتبار سے کشمیر کا حصہ رہا ہے اور آئندہ بھی اسی طرح رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے کنوینر راجہ اسحٰق صابر نے ’’جنگ لندن‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ اسحٰق صابر نے مزید کہا کہ عالمی تناظر میں اس وقت اگر گلگت و بلتستان کو صوبہ بنانے کی باتیں کی گئی تو تحریک آزادی کشمیر پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ گزشتہ 70برسوں کی محنت رائیگاں جائے گی اس ضمن میں سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے گلگت بلتستان پر جو واضح موقف اپنایا ہے ہم اس پر مکمل حمایت کرتے ہیں۔ راجہ اسحٰق صابر نے مزید کہا ہے کہ اس وقت برطانوی فیکٹ فائینڈنگ مشن اور اقوام متحدہ کی رپورٹس کے بعد اب یورپین پارلیمنٹ برسلز میں کشمیر ایشو پر بحث ایک اہم پیش رفت ہے۔ ۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ نان ایشوز کو اس وقت نہ چھیڑا جائے۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس تحریک آزادی کے لیے ہر پلیٹ فورم پر جدوجہد جاری رکھے گی۔