سکھر (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اورسابق قائد حزب اختلاف سیدخورشیداحمد شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کو صوبہ نہیں بنائے گئی، انھوں نے لوگوں گمراہ کیا اگر وہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانا چاہتے ہیں تو ہم ہر پلیٹ فارم پران کا ساتھ دیں گے،اٹھارویں ترمیم کے خلاف مختلف قوتیں متحرک ہیں، وہ چاہتی ہیں کہ ترمیم کو ختم کرکے صوبائی خود مختیاری ختم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جسٹس جاوید اقبال کو بطور چیئرمین نیب تعینات کرنے پر افسوس نہیں کیونکہ فرعون کے گھر میں ہی موسی پیدا ہوا تھا۔ سکھرمیں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم کہتا ہے کہ جو سیاستدان یوٹرن نہیں لیتا وہ لیڈر نہیں بن سکتا، پیپلزپارٹی کی قیادت نے لوگوں کو سوچ اور نظریہ دیا۔ خورشیدشاہ نے کہا کہ عمران خان کو پتہ نہیں کدھر کیا بات کرنی ہے، دنیا کدھر سے کدھر پہنچ گئی ہے لیکن عمران مرغیوں اور انڈوں کی باتیں کررہے ہیں۔