دیپیکا اور رنویر کی شادی کا انتظار دونوں اداکاروں کے مداحوں کو گزشتہ 6سال سے تھا، جو کہ بالآخرنومبر کے وسط میں ہو ہی گئی۔ دیپیکا کا شمار بالی ووڈ کی مہنگی ترین اداکاراؤں اور سال کی بااثر شخصیات میں ہوتا ہے۔ بالی ووڈ اداکار رنویرسنگھ اپنے آپ کو خوش قسمت تصور کرتے ہیں کہ دیپیکا نے انھیں پارٹنر کے طور پر منتخب کیا،’’ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے دپیکا کا ساتھ ملا، دیپیکا سے دوستی کے چھ ماہ بعد ہی مجھے یقین ہوگیا تھا کہ یہی وہ لڑکی ہے، جس سے میں شادی کرنا چاہتا ہوں‘‘۔ دوسری جانب دیپیکا بھی شادی کے موقع پر بے پناہ خوش اور مطمئن نظر آئیں۔یہی نہیں، دونوں اداکاروں نے شادی کی تقریبات کو منفرد بنانے کے لیے پانی کی طرح پیسہ بھی لٹایا۔ کہیں بارات لانے کے انداز بدلےتو کہیں ریسیپشن کی تعداد، یہ شادی کب اور کیسے ہوئی آئیے ان تمام خوبصورت تقاریب پر اِک نظر ڈالتے ہیں۔
مذہبی رسومات
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیپیکا کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہندوانہ مذہبی رسومات و روایات کےتحت نندی پوجا (جس میں دولہا اوردلہن کی آنے والی زندگی کی خوشیوں، صحت اورلمبی زندگی سے متعلق دعا کی جاتی ہے)سے کیا گیا۔ اس پوجا کا انعقاد دیپیکا پڈوکون کی والدہ اُجالا پڈوکون نے اپنے بنگلور والے گھر میں کیا۔ اس پوجامیں دیپیکامعروف بھارتی ڈیزائنر سبیاساچی کے ڈیزائن کردہ نارنجی رنگ کے لباس اور ممبئی کے معروف جیولر کےسونے کے جھمکوں کے ساتھ بالوں کا جوڑا بنائے منفرد اور سادہ لیکن بے حد دلکش لگ رہی تھیں۔
ہلدی کی رسم
نندی پوجا کے بعد رنویر سنگھ کی رہائشگاہ پر ہلدی کی رسم کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کاعلم دیپیکا اور رنویر کے کروڑوں مداحوں کو اس وقت ہوا، جب رنویرسنگھ نے خوشی سے جھومتے، گھر کی بالکنی میں لی گئی تصاویر کو انسٹاگرام پر مداحو ں کے ساتھ شیئر کیا۔ ان تصاویر میں سیلفی لیتے وقت انھوں نے برصغیر کا روایتی لباس ’کرتا‘ زیب تن کیا ہوا تھااور وہ بے حد خوش اور ہشاش بشاش نظر آئے۔
شادی کیلئے اٹلی روانگی
بالی ووڈ کےاس مشہور جوڑے نے 14اور 15نومبر کوشادی کی تقریبات کے لیے اٹلی کی خوبصورت جھیل ’کومو‘کا انتخاب کیا۔ شادی سے چار دن قبل یہ جوڑا ممبئی سے اٹلی کے لیے روانہ ہوا ،جہاں ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے دونوں اداکاروں کا شاندار استقبال کیا گیا۔
مہندی اور سنگیت کی تقریب
بالی ووڈ کی ڈمپل گرل کی مہندی اور سنگیت کی تقریب شادی سے ایک روز قبل کومبو جھیل کے کنارے پُرفضا، پُرسکون اور خوبصورت ماحول میں ہوئی۔ گلابی رنگ کا انارکلی لباس پہنے مہندی لگواتے ہوئے دیپیکا کی تصویر مداحوں میں جلد ہی وائرل ہوگئی۔ دوسری جانب رنویر سنگھ بھی پنک انارکلی لباس کےساتھ ایمبرائیڈڈ کوٹی پہنے دوستوں کے ہمراہ رقص کرتے نظر آئے۔
شادی کی رسمیں
14نومبرکو طلوع ہونے والے سورج نے ان دونوں سپراسٹارز کے مداحوں کا انتظار بالآخر ختم کردیا۔ شادی کی تقریب کے لیے ایک نہیں بلکہ دو دن مخصوص کیے گئے۔ پہلے روز کونکنی رسم ورواج تو دوسرے دن سندھی رسم ورواج کے تحت شادی کی رسم سرانجام دی گئی۔ دو مختلف رسومات کے تحت شادی کی وجہ دراصل دونوں اداکاروں کا مختلف فیملی بیک گراؤنڈ ہے۔ دیپیکا کا تعلق جنوبی ہندوستان سے ہے جبکہ رنویر کا سندھی فیملی سے۔ رنویر اور ان کی فیملی نےلیک کو مو کے ’ویلا ڈل بلبیانیل‘ تک پہنچنے کے لیے پرتعیش کشتیوں کا انتخاب کیا۔ شادی کی تقریب میںدونوں اداکاروں کی فیملی اور گہرے دوستوںسمیت صرف 40افراد نے شرکت کی۔14نومبر کو کونکنی رسم ورواج کے تحت ہونے والے شادی کے فنکشن کے لیے دیپیکا نےبھارتی ڈیزائنر سبیاساچی کی ڈیزائن کردہ ساؤتھ انڈین گولڈ اور اورنج سلک کی ساڑھی اور کندن جیولری پہنی جبکہ رنویر سفید رنگ کے روایتی کرتے میں نظر آئے۔ نئی نویلی دلہن دیپیکا پڈکون کے دوپٹے پر سنسکرت زبان میں ایک پیغام لکھا گیا تھا ’سدا سوبھا گیا وتی بھاوا‘، جس کا اردو میں مطلب ہے ’سدا سہاگن رہو‘ ۔ 15ن ومبر کو ہونے والے شادی کی تقریب کے لیے دونوں اداکاروں نے لال رنگ کا انتخاب کرتے ہوئے انوکھی چھب اپنائی۔
استقبالیہ کی 3 تقاریب
بالی ووڈ ہو یا لالی ووڈ شادی کی ایک تقریب کا کئی کئی بار انعقاد فیشن بن گیا ہے۔ دیپیکا اور رنویر نے
استقبالیہ (Reception) کا ایک دونہیں بلکہ 3بار انعقاد کیا۔
٭پہلا استقبالیہ دیپیکا کے اپنے شہر بنگلور کے ’لیلا پیلس‘ میں منعقد کیا گیا۔ اس دن کے لیے دیپیکا نے سباشجی کی ڈیزائن کردہ بھارتی انداز کی گولڈن ساڑھی زیب تن کی جبکہ رنویر سنگھ ڈیزائنر روہت بل کی ڈیزائن کردہ سیاہ رنگ کی شیروانی میں جلوے بکھیرتے نظر آئے۔ کونکنی روایات کے تحت دیپیکا کے پہلے استقبالیہ میں پہنی گئی ساڑھی ان کی والدہ اُجالا پڈوکون نے انہیں بطور تحفہ دی تھی۔
٭دوسرا استقبالیہ ممبئی کے گرینڈ حیات ہوٹل میں منعقد کیا گیا، اس دن دونوں اداکار غضب ڈھاتے نظر آئے۔ ڈمپل گرل معروف ڈیزائنر ابو جانی سندیپ کھوسلا کی ڈیزائن کردہ سفید عروسی ساڑھی اور بھاری کامدار دوپٹہ پہنا جبکہ رنویر سنگھ نے ڈیزائنر روہت بھل کے سفید رنگ کے جوڑے کا انتخاب کیا۔ اس جوڑے کی دلکشی سے ہالی ووڈ اداکارہ روبی روز بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں اور ان کے شاہی جوڑے کی بھی خوب تعریف کی۔
٭ستاروں سے سجا دیپیکا اور رنویر کے تیسرے، آخری اور اجتماعی استقبالیے کا انعقاد ممبئی میں ہوا،جس میںبالی ووڈ کی نامور شخصیات، کھلاڑیوں اور سیاستدانوں سمیت خاص مداحوں نے شرکت کی۔اس تقریب کے لیے دیپیکا نے لبنانی ڈیزائنر زوہیر مراد کی گہرے سرخ رنگ کی میکسی کا انتخاب کیا جبکہ رنویر سنگھ روہت گاندھی اور راہول کھنا کے ڈیزائن کردہ سیاہ رنگ کے tuxedo میںنظر آئے۔ موسیقی سے سجی اس تقریب کو فنکاروں کے رقص اور موج مستی نے چار چاند لگادیئے۔